گجرانوالہ؛ یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلرز گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 16th, June 2025 GMT
گجرانوالہ:
ایف آئی اے گجرانوالہ زون نے یونان کشتی حادثہ 2023 میں ملوث بدنام زمانہ انسانی اسمگلرز مبشر علی اور شفاقت علی کو راولپنڈی سے گرفتار کر لیا، دونوں ملزمان ریڈ بک میں انتہائی مطلوب اور انسانی اسمگلنگ کے خطرناک نیٹ ورک کا حصہ تھے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، دونوں ملزمان کا تعلق کوٹ بیلہ، گجرات سے ہے اور ان کے خلاف مجموعی طور پر 39 مقدمات درج تھے۔ ملزم مبشر علی پر کمپوزٹ سرکل گجرات میں 22 سے زائد جبکہ گجرانوالہ میں 7 مقدمات درج تھے۔ شفاقت علی کے خلاف کمپوزٹ سرکل گجرات میں 10 مقدمات زیر تفتیش ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے گجرانوالہ زون عبدالقادر قمر نے کارروائی کرنے والی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے اور ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ایف آئی اے کے مطابق، ملزمان نے 39 معصوم شہریوں کو اٹلی ملازمت کا جھانسہ دے کر فی کس 25 لاکھ روپے وصول کیے اور مجموعی طور پر 9 کروڑ 75 لاکھ روپے ہتھیائے۔ یہ شہری لیبیا کے راستے یورپ جانے کی کوشش میں کشتی حادثے کا شکار ہوئے، جس میں متعدد پاکستانی جاں بحق ہوئے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ان خطرناک اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا۔ ان کی گرفتاری کے لیے اس سے قبل پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی چھاپے مارے گئے تھے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے عبدالقادر قمر نے اعلان کیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کے بین الاقوامی نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کیا جائے گا اور تمام ایئرپورٹس پر تعینات افسران ایجنٹوں پر کڑی نگرانی رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معصوم جانوں سے کھیلنے والوں کو سخت سزائیں دلوائی جائیں گی تاکہ آئندہ کوئی شہری ایسے دھوکے کا شکار نہ ہو۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ایف آئی اے
پڑھیں:
بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ہیلی کاپٹر حادثہ، 7 افراد ہلاک ہوگئے
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جون 2025ء ) بھارت کی ریاست اتر آکھنڈ میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر کیدارناتھ سے گپت کاشی کے لیے روانہ ہوا تھا کہ بھارتی ریاست اترا کھنڈ کے ضلع رودرا پریاگ میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا اس حادثے میں کم از کم 7 افراد ہلاک ہوئے، ہیلی کاپٹر آریان ایوی ایشن پرائیویٹ لمیٹڈ کا تھا جو کیدارناتھ سے گپت کاشی کے لیے روانہ ہوا تھا لیکن اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد ہی گوری کند اور تری جوگی نارائن کے درمیان گر کر تباہ ہوگیا۔ بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر صبح ساڑھے پانچ بجے روانہ ہوا تھا، حادثے کے وقت علاقے میں دھند اور خراب موسم کی وجہ سے حدِ نگاہ کم تھی ممکنہ طور پر اسی وجہ سے حادثہ پیش آیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں موقع پر روانہ کر دی گئیں جب کہ وزیرِاعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو ٹیموں کو فوری امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔(جاری ہے)
بتایا جارہا ہے کہ چند روز قبل ہی بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں تکنیکی خرابی کے باعث ایک نجی ہیلی کاپٹر نے سڑک پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی، ہیلی کاپٹر کو اڑان بھرنے کے فوری بعد ہی ہنگامی لینڈنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا، لینڈنگ کے بعد کافی دیر تک ہیلی کاپٹر ہچکولے بھی کھاتا رہا، اس میں سوار تمام پانچ مسافر محفوظ رہے تاہم پائلٹ کو معمولی چوٹیں آئیں، اسی روٹ پر گزشتہ تیس دنوں کے دوران ہیلی کاپٹر کو حادثے کا یہ چوتھا واقعہ تھا۔