محرم الحرام میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے احکامات
اشاعت کی تاریخ: 22nd, June 2025 GMT
وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری نے محرم الحرام کے موقع پر ملک بھر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ڈسکوز کے چئرمینز اور سی ای اوز کو فوری اور موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اویس لغاری نے مجالس اور جلوسوں کے مقامات پر پیشگی مرمت اور حفاظتی انتظامات کو مکمل کرنے کے احکامات دیے ہیں تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی بجلی کی بندش سے محفوظ رکھا جا سکے۔
وزیر توانائی نے کہا کہ محرم کے دوران ملک بھر میں لاکھوں عزادار شرکت کریں گے، اور اس سال گرمی کی شدت میں اضافے کے امکانات بھی ہیں، لہٰذا عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈسکوز میں خراب سامان کی فوری مرمت یا تبدیلی یقینی بنائی جائے اور ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ یوم عاشورہ پر ایمرجنسی ٹیموں کو ہائی الرٹ پر رکھا جائے گا۔
مزید پڑھیں: جذبات میں کہہ گیا تھا کہ 6 مہینے میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف
مزید برآں، وفاقی وزیر نے ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مذہبی تنظیموں کے ساتھ مکمل تعاون کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے صارفین خصوصاً امام بارگاہوں اور مساجد کو کسی بھی ممکنہ شیڈولڈ مرمت یا لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے پیشگی آگاہی دینے کی ہدایات بھی دیں۔
حساس مقامات پر اسٹینڈ بائی جنریٹرز اور یو پی ایس سسٹمز کی دستیابی کو یقینی بنانے، اور کسی بھی غیر متوقع گرڈ مسئلے کی صورت میں بیک اپ بجلی فراہم کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
محرم الحرام کے دوران تکنیکی اور آپریشنل عملے کی 24 گھنٹے دستیابی اور تمام سطحوں پر مخصوص کنٹرول سنٹرز قائم کیے جائیں گے۔ اس معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اویس لغاری نے تمام اقدامات کی رپورٹ پاور ڈویژن کو پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
بجلی بلا تعطل فراہمی محرم الحرام وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: بجلی بلا تعطل فراہمی محرم الحرام محرم الحرام اویس لغاری
پڑھیں:
شکارپور میں گیس چوری پکڑی گئی، غیر قانونی بجلی بنانے والا گروہ رنگے ہاتھوں گرفتار
لاڑکانہ ریجن میں سی جی ٹی او لاڑکانہ، تھیفٹ سیکشن اور ڈسٹری بیوشن شکارپور کی ٹیموں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شکارپور کے علاقے صدیق ماری سرکلر روڈ پر گیس چوری کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق چھاپے کے دوران دو ملزمان مہتاب علی سومرو ولد مراد علی سومرو اور اعجاز شاہ کو موقع پر رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
دونوں افراد غیر قانونی طریقے سے سروس والوو کے نیچے رائزر پیس سے براہِ راست گیس حاصل کر کے 15 کلو واٹ کا جنریٹر چلا رہے تھے، جس کے ذریعے دکانوں اور گھروں کو کمرشل بنیادوں پر بجلی فراہم کی جا رہی تھی۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ملزمان نے گیس کو دو پلاسٹک کے غباروں میں بھی ذخیرہ کر رکھا تھا تاکہ رات کے وقت گیس پروفائلنگ کے دوران بھی جنریٹر کو گیس کی سپلائی جاری رکھی جا سکے۔ کارروائی میں معلوم ہوا کہ مجموعی کنیکٹڈ لوڈ 188 کیوبک فٹ فی گھنٹہ تھا۔
حکام کے مطابق، ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور ان سے واجب الادا گیس چوری کے دعوے بھی کیے جا رہے ہیں۔