میرواعظ کا کشمیری سیاسی نظر بندوں کی حالت زار پر اظہار تشویش
اشاعت کی تاریخ: 22nd, June 2025 GMT
حریت رہنما نے مشرق وسطیٰ بالخصوص غزہ اور ایران کی صورتحال پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت اب ایران تک پھیل گئی ہے، جہاں سینکڑوں عام شہری شہید اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کشمیری سیاسی نظر بندوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ طویل قید اور غیر انسانی حالات کی وجہ سے نظر بند افراد صحت کے سنگین مسائل سے دوچار ہیں۔ ذرائع کے مطابق میر واعظ نے گزشتہ روز جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیراحمد شاہ کی تہاڑ جیل نئی دلی میں صحت انتہائی خراب ہے، وہ پروسٹیٹ کینسر کا شکار ہیں اور انہیں فوری سرجری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظر بند رہنما کے اہلخانہ کودو برس سے ان کے ساتھ فون پر بھی بات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ دلی ہائیکورٹ نے شبیر احمد شاہ کی درخواست ضمانت بھی مسترد کر دی ہے جو انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ ہے۔میرواعظ نے بھارتی حکومت سے اپیل کی کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لے اورشبیر احمد شاہ کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ ان کے اہل خانہ کو ان تک رسائی دے۔ میر واعظ عمر فاروق نے مشرق وسطیٰ بالخصوص غزہ اور ایران کی صورتحال پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت اب ایران تک پھیل گئی ہے، جہاں سینکڑوں عام شہری شہید اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی صورتحال الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی، اس سے زیادہ بھیانک اور غیر انسانی فعل کیا ہوسکتا ہے کہ جب بھوک اور پیاس کے مارے فلسطینی جب امدادی خوراک حاصل کرنے کے لیے جمع ہوتے ہیں تو انہیں بمباری کرکے وہیں قتل کر دیا جاتا ہے۔ میر واعظ نے کہا کہ آج جب دنیا تیسری عالمی جنگ اور انسانیت کی تباہی کے خطرے سے دوچار ہے اقوام کو باہمی گفت و شنید کے ذریعے اعتماد بحال کرنا ہو گا تاکہ تنازعات کو پرامن اور مخلصانہ طریقے سے حل کیا جا سکے۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: کرتے ہوئے کہا میر واعظ کہا کہ
پڑھیں:
سرینگر، میر واعظ کو دوسرے جمعہ بھی نماز کی ادائیگی سے روک دیا
ذرائع کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ اگر ہمیں پروفیسر بٹ کی نماز جنازہ میں شریک ہونے کی اجازت دی جاتی تو کوئی طوفان نہیں آ جاتا۔ اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق کو مسلسل دوسرے جمعہ سرینگر میں اپنے گھر میں نظر بند کر کے نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے جامع مسجد جانے کی اجازت نہیں دی۔ ذرائع کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے ”ایکس“ پر اپنے بیان میں کہا کہ مجھے مسلسل دوسرے جمعہ جامع مسجد جانے سے روک دیا گیا ہے، حکام کا یہ عمل ہمارے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہمیں پروفیسر بٹ کی نماز جنازہ میں شریک ہونے کی اجازت دی جاتی تو کوئی طوفان نہیں آ جاتا، انھوں نے کیا حکام فوت ہو جانے والوں سے بھی اتنے خوفزدہ ہیں، یہ سارا عمل آمرانہ تسلط کی عکاسی کرتا ہے۔ قبل ازیں انتظامیہ نے میر واعظ کو بدھ کی شام گھر میں نظر بند کر کے انہیں پروفیسر عبدالغنی بٹ کی نماز جنازہ میں شرکت سے روک دیا تھا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری بیان میں میر واعظ عمر فاروق کی گھر میں نظر بندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت حق پر مبنی کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کے لئے انتہائی اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کے لئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ اپنے شہداء کے عظیم مشن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہیں۔ ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف جاری سنگین بھارتی جرائم کا نوٹس لیں اور تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔