کراچی: بارش کی پیشگوئی، اقدامات کا آغاز، 60 پروازوں کو تاخیر کا سامنا
اشاعت کی تاریخ: 25th, June 2025 GMT
— فائل فوٹو
بارشوں کی پیشگوئی پر کراچی ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے کراچی ایئرپورٹ پر تمام اداروں کو مون سون کے دوران چوکس رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق بارش کے دوران کیڑوں کی افزائش سے پرندوں کی سرگرمی بڑھنے کا خدشہ ہے لہٰذا ایئر سائیڈ پر انسپکٹرز اور برڈ کنٹرول اہلکاروں کی تعیناتی یقینی بنائی جائے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلی اشیاء اور سازو سامان کو محفوظ طریقے سے باندھنے یا ذخیرہ کرنے، ہلکے طیارے محفوظ جگہ منتقل یا باندھنے کے اقدامات اور بارش کے پانی کی مؤثر نکاسی کے لیے باڑ کے باہر رکاوٹیں دور کی جائیں۔
ایئرپورٹس اتھارٹی نے تمام بیکن لائٹس اور پولز محفوظ اور آپریشنل رکھنے، ایئر فیلڈ لائٹنگ ٹیم کو تمام روشنیوں کی درستگی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
قومی ایئر لائن کا بھی خلیج کے لیے فلائٹ آپریشن بحال ہوگیا تاہم پروازوں میں 4 سے 13 گھنٹے تاخیر ہے۔
دوسری جانب خلیج بحران کے بعد پاکستان کے فلائٹ آپریشن میں بہتری آنے کے بعد آج کوئی پرواز منسوخ نہیں ہوئی۔ تاہم کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت مختلف ایئرپورٹس کی 60 پروازوں کو تاخیر کا سامنا ہے۔
موسمی خرابی پر مسقط سے سیالکوٹ آنے والی پرواز او وی 505 کو ملتان لینڈ کرایا گیا جبکہ اسلام آباد کی 17، لاہور کی 16، کراچی کی 14 پروازوں کی آمد و روانگی میں تاخیر کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ پشاور کی 5، سیالکوٹ کی 3، فیصل آباد، کوئٹہ، ملتان کی دو دو پروازوں میں تاخیر متوقع ہے۔
اسلام آباد سے دوحہ، دمام، شارجہ، ریاض کی پروازوں میں 6 سے 9 گھنٹے تاخیر کا خدشہ ہے۔
متبادل لینڈنگ کی وجہ سے سیالکوٹ سے مسقط جانے والی پرواز او وی 506 میں 7 گھنٹے تاخیر کا سامنا ہے جبکہ قومی ایئر کی جدہ سے کراچی کی پرواز پی کے 731 میں 7 گھنٹے تاخیر کا سامنا ہے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: ایئرپورٹس اتھارٹی تاخیر کا سامنا گھنٹے تاخیر
پڑھیں:
لاہور سے جدہ جانے والی پرواز کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ، تمام مسافر محفوظ
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ لاہور سے جدہ جانے والی پرواز نے ونڈ اسکرین میں دراڑیں آنے کے باعث احتیاطی طور پر کراچی میں لینڈنگ کی۔
ترجمان کے مطابق یہ واقعہ تقریباً چونتیس ہزار فٹ کی بلندی پر ونڈ شیئر یعنی ہوا کے دباؤ میں اچانک تبدیلی کے نتیجے میں پیش آیا۔ پائلٹ کی جانب سے پرندے کے ٹکرانے کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی اور نہ ہی پرواز کے دوران کوئی ایمرجنسی ڈکلیئر کی گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ طیارے نے صبح 7 بجکر 6 منٹ پر بحفاظت کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ تمام مسافر اور عملہ خیریت سے ہیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں