ابھی تو بدن میں لہو ہے بہت
اشاعت کی تاریخ: 26th, June 2025 GMT
ایک بہت ہی چونکا دینے بلکہ لرزا اور کپکپا دینے والی خبر آئی ہے۔خبر تو حیران کن ہی ہے لیکن یہ بات بھی کچھ کم حیران کن نہیں ہے کہ’’بیانات‘‘ کے نقارے میں خبر کا یہ طوطا کیسے بولا۔کہ آج کل تو اخبارات میں بیانات ہوتے ہیں۔
اب تو اخبارات کو اخبارات کہنا بھی مناسب نہیں بلکہ اخبار بیانات کہنا زیادہ بہتر ہے۔لیکن یہ خبر شاید جگہ خالی ہونے کی وجہ سے جگہ پا گئی ہے، ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ اس میں چچازاد کے ’’فیل‘‘ ہونے کا مژدہ ہے۔ خبر یہ ہے کہ افغانستان کے شہر کابل میں پانی کی شدید قلت ہوگئی ہے اور ماہرین نے کہا ہے کہ اگر یہ صورت حال برقرار رہی تو کابل آیندہ پانچ سال میں’’بے آب‘‘ شہر بن جائے گا اور یہ دنیا اور تاریخ کا پہلا واقعہ ہوگا،اب یہ سب لاعلمی اور کم فہمی کا شاخسانہ ہے ورنہ یہ تو ہونا ہی تھا بلکہ اس حادثے کی پرورش بہت پہلے سے شروع ہوئی تھی، بقول قابل اجمیری ؎
وقت کرتا ہے پرورش برسوں
حادثہ ایک دم نہیں ہوتا
انگریز تو ایک لائق فائق اور مستقبل بین قوم ہے، بہت دور تک دیکھنے والی قوم ہے۔ان کو پتہ چل گیا تھا کہ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے دنیا میں پانی کی شدید قلت ہونے والی ہے ،خاص طور پر پینے والا پانی کم پڑنے والا ہے اور دنیا کا ٹھیکیدار اور تھانیدار ہونے کی وجہ سے اسے کچھ کرنا چاہیے، پینے کے لیے پانی کا کوئی متبادل ڈھونڈنا چاہیے اور اس نے ڈھونڈ لیا۔
انسانوں کا خون۔اور پھر اس پر عمل بھی شروع کردیا۔پرسکون آرام دہ اور خواب خرگوش سونے والے افغانستان میں خون بہانے اور پینے پلانے کی وہ بنیاد ڈال دی جو آج تک مسلسل اوپر ہی جا رہی ہے، ایک جائز وارث کو تخت سے گراکر اس کی جگہ ایک نااہل کو بٹھایا، یہ اس نیک کام کی ابتدا تھی اور ہمیشہ کی طرح اس میں مذہب کے تیربہدف نسخے سے کام لیا گیا ’’ملائے شور بازار‘‘ اور’’بغدادی پیر‘ جیسے بزرگ پیدا کیے گئے۔
پھر کیا تھا ، افغانستان کی لڑکیوں کے چہرے، انگریز ماڈلز وغیرہ کے نیم عریاں جسموں پر چسپاں کیے گئے یہاں تک کہ ملکہ ثریا کی بھی ایک ایسی ہی تصویر بنائی گئی، ان تصاویر کو پورے افغانستان میں پھیلایا گیا، یوں خون ریزی بلکہ ’’خون نوشی‘‘ کی ابتدا ہوگئی۔ پیروں کی کرامات،ملاؤں کے خطابات اور ان کے پیچھے برطانوی سکے کی بے پناہ طاقت۔یہاں تک کہ ایک ان پڑھ سقہ ، چائے والا اور کرپٹ امیرحبیب اللہ خان کے نام سے حکمران بن گیا۔
اس موقع پر بھی اپنے ملک کے خیر خواہ امان اللہ خان نے اپنے عوام کو لڑانے کے بجائے درمیان میں سے ہٹ جانا بہتر سمجھا۔ لیکن ایک سلسلہ تو چل نکلا خون پینے کا۔اس کہانی میں بڑا ٹوسٹ اس وقت آیا جب جمعدار، صوبے دار اور تھانیدار نے جرمنی کو اتنا مجبور کیا کہ وہاں ردعمل پیدا ہوگیا جس کا نام ہٹلر تھا، برطانیہ تو خوش تھا کہ خون ریزی کا کام یہاں بھی چل نکلا ہے لیکن اسے معلوم نہیں تھا کہ ہٹلر خود اسی کا شامت اعمال بن جائے گا اور اسے اتنا گھائل کردے گا، بری طرح گھائل ہوکر گرنے سے پہلے اس نے امریکا کو بلایا اور کہا،
سہر دم بتومائہ خویش را
تودانی حساب کم وبیش را
امریکا، انگریز سے بھی تیز نکلا ، اس نے ساری دنیا میں وسیع پیمانے پر خون ریزی کو اتنا فروغ دیا کہ لوگ پانی پینا بھول گئے۔ہیروشیما، ناگاساکی ،کوریا ویت نام میں تو اس نے وہ کرشمے دکھائے کہ لوگ اپنا ہی خون پینے لگے۔
اس نے دنیا بھر میں خون ریزی اور خون نوشی کو مستقل بنیاد پر استوار کرنے کے لیے پورے یورپ اور امریکا میں ہتھیار بنانے کے بڑے بڑے کارٹل اور کارخانے بنائے اور ان میں ایسے ایسے ہتھیار دھڑا دھڑ بنائے جانے لگے جو بہت وسیع پیمانے پر خون ریزی اور خون باری کرتے تھے۔
یہ سوچ بہت ہی دوربین تھی، دنیا کی دوسری پروڈکشن اگر ایک کام نہ کرے یا ایک کے کام کے مواقع نہ ہوں تو ان سے کوئی دوسرا کام لیاجاتا تھا لیکن ہتھیار صرف ایک کام کے لیے بنائے جاتے اور وہ صرف ایک کام کرسکتے ہیں، کسی دوسرے مصرف میں آہی نہیں سکتے نہ کھائے جاسکتے ہیں نہ پیئے جاسکتے ہیں نہ پہنے جاسکتے نہ ا وڑھے جاسکتے ہیں لیکن نفع آور بہت ہوتے ہیں۔ضرورت بس یہی ہے کہ اس کے لیے مارکیٹ ڈھونڈی جائے، بنائی جائے اور وسیع کی جائے۔ اور اس مارکیٹنگ کے لیے مسلمان موجود ہیں، جو پہلے ہی سے غازی اور شہید بننے کے بہت زیادہ شوقین ہیں۔یعنی نشہ ان کے سر میں پہلے ہی سے بھرا ہوا ہے۔
سنا ہوگا کہ ایک شخص نے دکاندار سے دوپیسے کی افیم مانگی تو دکاندار نے کہا، دو پیسے کی افیم سے کیا نشہ ہوگا۔ افیمی نے کہا، نشہ میرے سر میں بہت ہے، صرف ایک دھکے کی ضرورت ہے۔اور وہ دھکا لگایا جاچکا ہے، ہتھیار دھڑا دھڑ بک رہے ہیں، پیاس بجھائی جارہی ہے۔ افغانستان میں جو کام انگریز سے ادھورا رہ گیا تھا وہ امریکا نے سنبھال لیا اور ایسا سنبھال لیا کہ… برطانیہ نے اپنی بے پناہ ذہانت سے کام لے کر اندازہ کر لیا تھا کہ ایک دن روس اپنے غار سے نکلے گا اور اسی مورچے سے مارا جائے گا جو ہم بناکر جارہے ہیں۔
نہ صرف روس کو اس مورچے سے مار دیا گیا بلکہ اس پورے خطے کو مارکیٹ بنالیا گیا اور وہ بھی ہمیشہ ہمیشہ کے لیے۔ اب کچھ بھی ہو ،کوئی آئے، کوئی جائے، مارکیٹ تو چلتی رہے گی، ہتھیار بکتے رہیں گے اور لوگ خون پینے کے عادی ہوتے جائیں گے اور جو ایک مرتبہ خون کے عادی ہوجاتے ہیں، ان کو پانی کی حاجت نہیں رہتی، پانی میں کیا ہے؟ ہائیڈروجن، آکسیجن وغیرہ۔جب کہ خون میں بے شمار منرلز ہوتے ہیں، وٹامنز ہوتے ہیں اور ان کے علاوہ بھی بہت کچھ ہوتا ہے۔اور اس کے ساتھ وہ’’ ویمپائر‘‘ کا سلسلہ بھی تو ہے کہ جس کا خون پیا جاتا ہے، وہ خود بھی ویمپائر بن جاتا ہے۔اور اس کا زندہ ثبوت ہمارے سامنے ہے۔افغانستان سے انگریز بھی جاچکے ہیں، روسی بھی کب کے نابود ہوچکے ہیں، امریکی بھی بظاہر چلے گئے ہیں لیکن افغانستان میں خون بہانے اور پینے کا سلسلہ جاری ہے کیونکہ ویمپائروں کے ڈسے ہوئے اب بھی یہاں بہت ہیں اور یہ سلسلہ مزید آگے بڑھا رہے ہیں۔کوئی بات نہیں، اب اگر کابل شہر میں پانی کی قلت ہوبھی جائے تو چنتا کرنے کی ضرورت نہیں کہ خون یہاں بہت ہے، زمانوں زمانوں کے لیے۔۔۔۔ابھی تو بدن میں لہو ہے بہت۔۔۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: افغانستان میں ہوتے ہیں پانی کی اور اس ہے اور تھا کہ کے لیے
پڑھیں:
اسلام آباد میں معرکہ حق اور یوم آزادی کی تیاریاں عروج پر
اسلام آباد( ملک نجیب ) معرکہ حق اور یوم آزادی کی تقریبات کو قومی جوش و جذبے سے منانے کیلئے اسلام آباد کے مختلف مقامات پر پرچم کشائی، مختلف شاہراہوں کی رنگ برنگے برقی قمقموں سے سجاوٹ، ثقافتی تقاریب، آتش بازی، ملی نغموں کے مقابلے اور عوامی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایات جاری کر دی گئیں ۔ چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر پلاننگ خالد حفیظ ، ممبر فنانس طاہر نعیم، انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن اور دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت اور چیرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد کی قیادت میں معرکہ حق اور یوم آزادی کو شایانِ شان طریقے سے منانے کیلئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سی ڈی اے، اسلام آباد انتظامیہ اور ایم سی آئی اور دیگر اداروں کی جانب سے کئے گیے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں یوم معرکہ حق اور یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں اسلام آباد میں عمارات پر قومی پرچم لہرانے، چراغاں کرنے کے ساتھ ساتھ شہر کی تمام اہم شاہراؤں بشمول شاہراہ دستور، کلب روڈ، سری نگر ہائی وے جناح ایونیو اور دیگر شاہراؤں پر خوبصورت لائٹنگ کے انتظام، ڈیجیٹل اسٹریمرز اور ایل ای ڈیز لگانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ وفاقی دارالحکومت کو معرکہ حق اور یوم آزادی کے موقع پر مزید خوبصورت انداز میں سجایا جاسکے۔ چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ معرکہ حق اور یوم آزادی کی تقریبات کو قومی جوش و جذبے سے منانے کیلئے اسلام آباد کے مختلف مقامات پر پرچم کشائی، مختلف شاہراہوں کی رنگ برنگے برقی قمقموں سے سجاوٹ، ثقافتی تقاریب، آتش بازی، ملی نغموں کے مقابلے اور عوامی پروگرامز کا انعقاد کیا جائےگا۔ اسی طرح سکولوں کے طلباء کے درمیان تقریری مقابلے، پینٹنگ، ملی نغموں کے مقابلے اور ٹیبلو شوز کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اسلام آباد کے تمام پارکس اور گرانڈز کو خوبصورت روشنیوں سے سجایا جائے۔ اس کے علاوہ شہر میں چلنے والی الیکٹریکل اور دیگر بسوں پر معرکہ حق اور یوم آزادی کے حوالے سے برینڈنگ بھی کی جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ معرکہ حق اور یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے خصوصی طور پر، سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور خوبصورتی میں مزید اضافہ کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ شہری ملی جوش و جذبے کے ساتھ معرکہ حق اور یوم آزادی کی خوشیاں مناسکیں۔چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر معرکہ حق اور یوم آزادی کی تقریبات کے موقع پر اسلام آباد پولیس کی جانب سے شہر بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ تمام تقریبات پرامن طریقے سے منعقد کی جاسکیں۔ اسی طرح داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ، اہم مقامات پر سی سی ٹی وی نگرانی اور خصوصی سیکیورٹی ٹیموں کی تعیناتی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ چئیر مین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھا وا نے کہا کہ معرکہ حق کو شایان شان طریقے سے منانے کا مقصد جہاں ہماری بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کرنا ہے وہاں معرکہ حق ہمارے لئے ایک عہد نو کی حیثیت رکھتا ہے۔اس کے علاوہ معرکہ حق اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم مشکل کی ہر گھڑی میں متحد اور یکجان ہونے کے علاوہ دشمن کے تمام ناپاک ارادوں کو خاک میں ملانے کیلئے اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
Post Views: 6