پنجاب: بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 5 اموات، 25 افراد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 26th, June 2025 GMT
---فائل فوٹو
صوبۂ پنجاب میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 3 بچیوں سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 25 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سے جاری مون سون کی پہلی بارش سے درجۂ حرارت میں واضح کمی آ گئی ہے اور موسم سہانا ہونے کے ساتھ ساتھ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے حبس کا بھی خاتمہ ہوگیا۔
دوسری جانب ریسکیو کے حکام کے مطابق چھتیں گرنے سمیت دیگر واقعات میں 5 افراد جاں بحق اور 25 سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
قصور کے موضع کوٹ پیراں میں چھت گرنے سے 2 بہنیں، 8 سالہ ارفع اور 4 سالہ فروا جاں بحق ہوگئی۔
پنجاب کے ریسکیو حکام کے مطابق اوکاڑہ میں بستی ریاض آباد میں چھت گرنے سے 5 سال کی دعا فاطمہ جاں بحق جبکہ آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
شہر جہلم اور سوہاوہ میں ایک شخص برساتی نالے میں ڈوب گیا جبکہ 2 زخمی افراد کے بہہ جانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق دیپالپور میں ایک شخص جبکہ شیخ بستی میں چھت گرنے سے ایک لڑکی زخمی ہو گئی۔
اسی طرح جڑانوالہ 240 موڑ کے علاقے میں چھت گرنے سے ایک شخص، ساہیوال کے نواحی گاؤں میں 2 افراد، قصور، کوٹ پیراں اور تلونڈی میں چھت گرنے سے 2 افراد جبکہ لاہور بابو صابو میں ٹریفک حادثے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔
ریسکیو کے ترجمان کے مطابق منڈی بہاؤالدین اور ملکوال میں 2 بچے کرنٹ لگنے سے زخمی ہو گئے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہدوسری جانب وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بارش کے دوران لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ہے اور بارش سے شہر کی صورت حال کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بارش کے پانی کی بروقت نکاسی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا بیاندوسری جانب ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق فیصل آباد میں اب تک سب سے زیادہ 98 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ قصور میں 63، لاہور میں 58، شیخوپورہ 50، جوہرآباد 48، سرگودھا 45، چکوال 28، چنیوٹ 22، راولپنڈی 18، نارووال 17، اٹک 12 جبکہ گجرات اور میانوالی میں 10/10 ملی میٹر بارش ہوئی۔
اُدھر قصور، ننکانہ، پھولنگر اور چونیاں سمیت دیگر شہروں میں سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں ہیں۔
ریسکو حکام کے مطابق بارش کے دوران کئی علاقوں کے فیڈرز ٹرپ کر گئے، بارش رکتے ہی بجلی کی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا موجودہ سلسلہ یکم جولائی تک جاری رہے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: میں چھت گرنے سے پنجاب کے کے مطابق ایک شخص
پڑھیں:
کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ایک فرار ہونے والے مبینہ ڈاکو کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس اور چھیپا حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود میں سیکٹر 8، اللہ والا کالج کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت سبیل کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ادھر بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں کلفٹن، عبداللہ شاہ غازی مزار پل کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جس کی شناخت مانی کے نام سے ہوئی۔
اسے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دوسرے مبینہ ملزم کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت سکندر کے نام سے کی گئی۔
دوسری جانب شرافی گوٹھ پولیس نے کورنگی سنگر چورنگی کے قریب راڈو بیکری کے علاقے میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک مبینہ ڈاکو اویس کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔
اسی طرح قائدآباد تھانے کی حدود میں لانڈھی شیر پاؤ کالونی، مولیٰ مدد قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک اور مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت وارث خان کے نام سے ہوئی۔