ہائوس کو رولز کے مطابق چلایا جائے گا، مچھلی منڈی نہیں بننے دوں گا‘سپیکر پنجاب اسمبلی
اشاعت کی تاریخ: 27th, June 2025 GMT
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ ہائوس کو رولز کے مطابق چلایا جائے گا، ایوان کو مچھلی منڈی نہیں بننے دیں گے ،اگر کوئی بات کرنی ہے تو وہ شائستگی سے کی جائے، شور شرابے سے بات نہیں کی جا سکتی۔انہوں نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کو سختی سے رولز کے تحت چلایا جائے گا، ان کی کوشش ہے کہ ایوان کے تمام معزز اراکین کو بھرپور موقع فراہم کیا جائے تاکہ وہ عوامی مسائل اجاگر کر سکیں۔
ملک احمد خان نے کہا تمام اراکین کیلئے ضروری ہے کہ وہ ایوان کے تقدس کا خیال رکھیں، یہ ایوان ایک ضابطہ اخلاق کے تحت چلتا ہے جہاں ایک رکن کی بات مکمل ہونے کے بعد ہی دوسرا بولے۔(جاری ہے)
انہوں نے ایوان میں جاری شور شرابے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بات کرنی ہے تو وہ شائستگی سے کی جائے، شور شرابے سے بات نہیں کی جا سکتی، ہم ایوان کو مچھلی منڈی نہیں بننے دیں گے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ وہ ایوان کی فعالیت سے کچھ حد تک مایوس ہیں کیونکہ اسمبلی عوامی مفادات کے تحفظ میں وہ کردار ادا نہیں کر پا رہی جو اس کا فرض ہے، یہ مقدمہ میں عوام کی عدالت میں رکھ رہا ہوں، مجھے دکھ ہے کہ ایوان اپنی مکمل فعالیت نہیں دکھا رہا۔سپیکر نے آخر میں کہا کہ وہ ایک شفاف، منظم اور باوقار پارلیمانی روایات کے تحت اسمبلی کو چلانے کیلئے پرعزم ہیں تاکہ جمہوریت مضبوط ہو اور عوام کا اعتماد بحال رہے۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے پنجاب اسمبلی
پڑھیں:
پی ٹی آئی رکن پنجاب اسمبلی نے اسپیکر کی جانب سے رکنیت معطلی چیلنج کردی
—فائل فوٹوپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن پنجاب اسمبلی امتیاز شیخ نے اسپیکر کی جانب سے رکنیت معطلی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
رکن پنجاب اسمبلی امتیاز محمود شیخ نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے عدالت سے رجوع کیا اور درخواست میں پنجاب حکومت، گورنر پنجاب، اسپیکر پنجاب اسمبلی سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔
امتیاز محمود شیخ نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ اسمبلی اجلاس کے دوران 4 قوانین کی منظوری کے وقت میں نے کورم کی نشاندہی کی تھی، جس کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اسمبلی رولز 4 اور 5 کا غلط استعمال کرتے ہوئے میری رکنیت 15 اجلاسوں کے لیے معطل کر دی۔
ایوان کی حرمت اور نظم و ضبط کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا، اسپیکر قومی اسمبلی
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کا رکنیت معطل کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے کر درخواست گزار کی رکنیت بحال کرنے کا حکم دیا جائے۔
واضح رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کی خلاف ورزی پر اپوزیشن کے 26 ارکان کو 15 اجلاسوں کے لیے معطل کر دیا تھا۔
اس حوالے سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا تھا کہ ایوان میں ہنگامہ آرائی، نعرے، دھکم پیل اور دستاویزات پھاڑنے پر کارروائی کی گئی، ایوان کی حرمت اور نظم و ضبط کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کا حق تسلیم ہے لیکن اس کی حدود آئین، قانون اور قواعد کے تابع ہیں۔