پنجاب: بارشوں کے باعث 3 دن میں مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 28th, June 2025 GMT
پنجاب میں 25 سے 27 جون کے دوران بارشوں سے ہونے والے مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق اور 39 زخمی ہوگئے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 3 دنوں میں مختلف شہروں میں 25 حادثات رپورٹ ہوئے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران چھتیں، دیواریں اور بجلی گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ زیادہ اموات چھتیں اور دیواریں گرنے سے ہوئیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایات کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی معاونت کی جائے گی۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ مخدوش اور بوسیدہ مکانات میں رہائش اختیار نہ کی جائے، بچوں کا خیال رکھیں اور برساتی نالوں، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب نہ جائیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مون سون بارشوں کے اگلے سپیل کی پیشگوئی کردی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔11 اگست ۔2025 )پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بدھ سے مون سون بارشوں کے اگلے سپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے فلڈ ایڈوائزری جاری کر دی ہے ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج، راوی، چناب جہلم اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں ممکنہ سیلاب کا خطرہ ہے کل 13اگست سے شروع ہونے والے مون سون بارشوں کے ساتویں سپیل کے باعث دریاوں میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ظاہر کیا گیا ہے. صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے محکمہ لوکل گورنمنٹ، زراعت، آبپاشی، صحت، جنگلات، لائیو سٹاک اور ٹرانسپورٹ کو بھی پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں.(جاری ہے)
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ تمام محکمے ایمرجنسی کی صورت میں فوری ردعمل کیلئے تیار رہیں ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملے کو 24 گھنٹے مستعد رکھا جائے اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں ہائی الرٹ رہیں انہوں نے کہا کہ دریاﺅں کے کنارے آباد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور مویشیوں کے انخلا کو بھی یقینی بنایا جائے، عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں دریاوں، نہروں، ندی نالوں اور تالابوں میں نہانے سے گریز کریں اور ہنگامی انخلا کی صورت میں انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ تازہ ترین موسمی صورتحال اور ہدایات کیلئے متعلقہ اداروں سے رابطے میں رہیں.