سیپکو نے کم آمدنی والے عوام کی زندگی اجیرن کردی،خالد کاکیزئی
اشاعت کی تاریخ: 30th, June 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
سکھر (نمائندہ جسارت) سیپکو نے سفید پوش و کم آمدنی والے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد خالد کاکیزئی، کنوینر سیپکو کمیٹی عبدالعزیز شیوانی اور دیگر اراکین نے سیپکو کی جانب سے 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر ڈیڈکشن چارجز عائد کیے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی کے باعث بیشتر صارفین، بشمول رہائشی و تجارتی صارفین، نے اپنے برقی آلات بند کر دیے یا بیچ دیے ہیں تاکہ بجلی کا استعمال کم کر کے اخراجات پر قابو پایا جائے۔ اس کے نتیجے میں وہ پروٹیکٹڈ کیٹیگری‘ میں شامل ہو گئے ہیں۔ اس کے باوجود سیپکو کی جانب سے ایسے صارفین پر ڈیڈکشن چارجز عائد کرنا سراسر غیر منصفانہ اور ناانصافی پر مبنی اقدام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لائن لاسز کی آڑ میں سیپکو کی جانب سے شدید گرمی میں رہائشی، تجارتی اور صنعتی علاقوں بالخصوص سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ سکھر ، سندھ اسمال انڈسٹریز کارپوریشن سکھر میں کئی کئی گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جس سے سفید پوش ، دہاڑی دار و کم آمدنی والے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، جبکہ کاروباری طبقہ بھی شدید متاثر ہو رہا ہے۔سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا مطالبہ ہے کہ ڈیڈکشن چارجز کو فی الفور ختم کر کے آئندہ بلوں میں ایڈجسٹ کیا جائے، بجلی چوری کی روک تھام کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کر کے صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
موبائل کال اور انٹرنیٹ پیکجز مہنگے، صارفین پر نیا مالی بوجھ
اسلام آباد: موبائل انٹرنیٹ پیکجز مہنگے ہونے سے ملک بھر کے لاکھوں موبائل صارفین کو اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کردہ تازہ تفصیلات کے مطابق مختلف موبائل کمپنیوں کے متعدد کال، ہائبرڈ اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق مختلف موبائل آپریٹرز کے 15 مقبول ہائبرڈ اور ڈیٹا اونلی پیکجز کی قیمتوں میں 33 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد صارفین کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں 500 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ 15 روزہ پیکجز اب 300 روپے تک مہنگے ہو گئے ہیں۔
اسی طرح ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز کی قیمت میں 130 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ تین روزہ پیکجز 21 روپے، دو روزہ پیکجز 20 روپے اور ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز 5 روپے تک مہنگے کر دیے گئے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین کی سہولت کے لیے تمام نئی ٹیرف تفصیلات ادارے کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہیں، جہاں مختلف موبائل کمپنیوں کے کال اور انٹرنیٹ پیکجز، ان کی مدت، قیمت اور دستیاب سہولیات کا بآسانی موازنہ کیا جا سکتا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کو مختلف موبائل کمپنیوں کے پیکجز سے متعلق درست اور مکمل معلومات فراہم کرنا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل اور انٹرنیٹ خدمات کی قیمتوں میں اضافے سے طلبہ، فری لانسرز، آن لائن کاروبار کرنے والے افراد اور روزمرہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ماہانہ اخراجات میں مزید اضافہ ہوگا۔