سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی میں ملوث 17 افراد گرفتار، 271 اکاؤنٹ پی ٹی اے کو رپورٹ
اشاعت کی تاریخ: 30th, June 2025 GMT
لاہور:
پنجاب میں فرقہ واریت اور اشتعال انگیزی پر مبنی 271 سوشل میڈیا اکاؤنٹ پی ٹی اے کو رپورٹ کیے گئے جب کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی میں ملوث 17 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 31 واں اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر صحت اور چیئرمین خواجہ سلمان رفیق نے کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران محرم الحرام کے سکیورٹی پلان پر عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بریفنگ دی۔ کابینہ کمیٹی نے سائبر پٹرولنگ اینڈ کوئیک ایکشن سیل کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ بتایا گیا کہ فرقہ واریت اور اشتعال انگیزی پر مبنی 271 اکاؤنٹ پی ٹی اے کو رپورٹ کیے گئے، سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی میں ملوث 17 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
کمیٹی نے محرم الحرام کے دوران فزیکل کے ساتھ سائبر سپیس میں سکیورٹی کے سخت انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے کابینہ کمیٹی کو انتظامات بارے آگاہ کیا۔
اجلاس میں پنجاب قرآن بورڈ کے عہدے داروں کی نامزدگی کیلئے تجاویز پر غور کیا گیا۔
چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے، سوشل میڈیا پر امن و امان کی فضا کو نقصان پہنچانے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے، سائبر پٹرولنگ سیل 24/7 متحرک ہے اور فرقہ واریت میں ملوث افراد گرفتار کیے جا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران پولیس کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، پولیس کے ساتھ آرمی اور رینجرز کے جوان بھی فرائض سر انجام دے رہے ہیں، محرم الحرام کے دوران تمام مکاتب فکر سے رواداری اور اخوت کا پیغام پھیلانے کی اپیل کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عرس حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکررح کیلئے بھرپور سکیورٹی انتظامات مکمل ہیں، پنجاب بھر میں 9 اور 10 محرم کو دفعہ 144 کے تحت ڈبل سواری کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا، صوبے بھر میں اسلحے کی نمائش کی کسی صورت اجازت نہیں، محرم الحرام کے دوران امن کی فضاء کو نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، اتحاد بین المسلمین کمیٹیوں، امن کمیٹیوں اور علمائے کرام کا کردار نہایت اہم ہے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز فیلڈ میں متحرک رہیں، اپنے اضلاع میں فلیگ مارچ کریں اور تمام قواعد و ضوابط پر من وعن عمل کریں۔
اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سیکرٹری اوقاف سید طاہر رضا بخاری، ایڈیشنل آئی جی چوہدری سلطان، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور متعلقہ اداروں سے حکام کی شرکت کی۔ پنجاب بھر سے کمشنرز، ڈی سیز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
دریں اثنا خواجہ سلمان رفیق نے سوات حادثے پر کہا کہ کہا کہ دریاؤں کے ارد گرد علاقوں میں خصوصی اضافی کشتیاں فراہم کی جاچکی ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: محرم الحرام کے دوران سیکرٹری داخلہ سوشل میڈیا پر کابینہ کمیٹی داخلہ پنجاب اجلاس میں نے کہا کہ میں ملوث پی اوز
پڑھیں:
چینی سائنسدانوں کی اہم پیش رفت، نیند بڑھانے والا قدرتی مالیکیول دریافت
دنیا بھر میں لاکھوں افراد بے خوابی اور نیند کی مختلف خرابیوں کا شکار ہیں، تاہم چینی سائنسدانوں نے ایک ایسے قدرتی مالیکیول کی نشاندہی کی ہے جو دماغ میں نیند کی خواہش کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ دریافت مستقبل میں بے خوابی اور دیگر نیند کے مسائل کے لیے نئی، محفوظ اور مؤثر ادویات کی تیاری میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔
چینی اکیڈمی آف سائنسز اور دیگر تحقیقی اداروں کے سائنسدانوں کی یہ تحقیق معروف سائنسی جریدےنیچر نیورو سائنس (Nature Neuroscience) میں شائع ہوئی ہے۔ تحقیق کے مطابق ٹرپٹامین (Tryptamine یا TrpA) نامی قدرتی مالیکیول دماغ کو یہ اشارہ دیتا ہے کہ جسم کو آرام اور نیند کی ضرورت ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ مناسب نیند انسانی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے، کیونکہ اسی دوران دماغ یادداشت کو منظم کرتا، نئی معلومات محفوظ بناتا اور روزمرہ سرگرمیوں کے دوران جمع ہونے والے فاضل مادوں کو خارج کرتا ہے۔ اس کے باوجود دنیا بھر میں بے خوابی، ذہنی دباؤ، ڈپریشن، بے چینی اور جسمانی گھڑی (سرکیڈین ردھم) کی خرابی کے باعث لاکھوں افراد مناسب نیند سے محروم رہتے ہیں۔
تحقیق کے دوران سائنسدانوں نے رات کو متحرک رہنے والے چوہوں اور دن میں سرگرم رہنے والے سوروں پر تجربات کیے۔ خصوصی فلوروسینٹ سینسر کی مدد سے جانوروں کے دماغی مائع میں ٹرپٹامین کی مقدار مختلف اوقات میں ریکارڈ کی گئی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ جتنا زیادہ وقت جانور جاگتے رہے، ان کے دماغی مائع میں ٹرپٹامین کی مقدار بھی اتنی ہی بڑھتی گئی۔ اس سے ظاہر ہوا کہ یہ مالیکیول جسم میں بڑھنے والے سلیپ پریشر یعنی نیند کی قدرتی طلب کی عکاسی کرتا ہے۔
مزید تحقیق سے پتا چلا کہ جاگنے کے دوران متحرک مخصوص اعصابی خلیے ٹرپٹامین خارج کرتے ہیں، جو بعد ازاں GPR139 نامی ریسیپٹر سے جڑ کر دماغ کے اس حصے کو متحرک کرتا ہے جو نیند کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
سائنسدانوں نے تجرباتی طور پر ایسے مرکبات بھی استعمال کیے جو GPR139 ریسیپٹر کو متحرک کرتے ہیں۔ نتائج کے مطابق ان مرکبات سے نہ صرف نیند کا دورانیہ بڑھا بلکہ اس کے معیار میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مستقبل کی تحقیقات میں یہی حیاتیاتی نظام انسانوں میں بھی ثابت ہو جاتا ہے تو بے خوابی اور دیگر نیند کی خرابیوں کے علاج کے لیے ایسی نئی ادویات تیار کی جا سکیں گی جو موجودہ ادویات کے مقابلے میں زیادہ محفوظ، مؤثر اور کم مضر اثرات کی حامل ہوں گی۔