کراچی، ایس ایچ او کی معطلی کا معاملہ متاثرہ شہری کے ویڈیو بیان کے بعد نیا رخ اختیار کر گیا
اشاعت کی تاریخ: 1st, July 2025 GMT
کراچی:
شاہ فیصل کالونی تھانے کے ایس ایچ او ناصر محمود کی معطلی اور بی کمپنی میں تبادلے کے معاملے نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ متاثرہ شہری کاشف کے چونکا دینے والے ویڈیو بیان نے پورے واقعے پر سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں۔
ایس ایچ او شاہ فیصل کالونی ناصر محمود پر ابتدائی طور پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انھوں نے آئی جی سندھ کی قائم کی جانے والی ٹاسک فورس کے چھاپے دوران برآمد کی جانے والی نقدی میں ہیر پھیر کی تھی۔
آئی جی سندھ کی خصوصی ٹاسک فورس نے شاہ فیصل کالونی میں گٹکا و ماوا کی فروخت کے شبے میں کاشف نامی شہری کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ تاہم کاشف کے ویڈیو بیان کے مطابق یہ کارروائی بدنیتی پر مبنی تھی۔
اپنے ویڈیو بیان میں اس نے دعویٰ کیا کہ میں دو سال قبل گٹکا ماوا کا کام چھوڑ چکا ہوں، مگر ٹاسک فورس میرے خلاف ثبوت گھڑنے کے لیے اپنے ساتھ ماوے کا سامان لے کر آئی تھی۔
کاشف نے مزید کہا کہ چھاپے کے دوران اہلکاروں نے اس کی الماری توڑ کر 42 لاکھ روپے کی نقدی نکالی اور دباؤ ڈالنے لگے کہ رقم یہیں دے دو، ورنہ تھانے لے جائیں گے۔ جب اہل خانہ نے شور شرابا کیا تو ٹاسک فورس نے اسے تھانے منتقل کر دیا۔
واقعے کے ڈرامائی موڑ اس وقت آیا جب کاشف نے تھانے میں موجود ایس ایچ او ناصر محمود کو بتایا کہ ٹاسک فورس اس کے گھر سے بھاری رقم لے گئی ہے۔
کاشف کے مطابق ایس ایچ او نے چھان بین کے بعد گاڑی سے 24 لاکھ 61 ہزار روپے نکال کر واپس کیے۔ کاشف نے مزید کہا کہ اگر ناصر محمود نہ ہوتے تو ہمیں یہ رقم کبھی واپس نہ ملتی۔
کاشف نے دعویٰ کیا کہ باقی رقم مبینہ طور پر ٹاسک فورس نے ہڑپ کر لی ہے، جس کی واپسی کا مطالبہ اس نے اپنے ویڈیو بیان میں کیا ہے۔
کاشف کا مزید کہنا تھا کہ یہ پیسے میں نے پلاٹ خریدنے کے لیے رکھے تھے اور یہ پیسے میری زندگی کی جمع پونجی ہے۔
واقعے کی سنگینی میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب کاشف کی تھانے کے اندر بنائی گئی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی، جس میں وہ غصے اور انتہائی جذباتی حالت میں کہتا سنا گیا کہ میرا 40 لاکھ روپیہ ہے، میں نے پلاٹ بیچا ہے، تم لوگ مذاق سمجھ رہے ہو؟ گولی مارو، ختم کر دو، جیل بھیج کر کیا ملے گا تمھیں؟
پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او ناصر محمود کو ابتدائی الزامات کی بنیاد پر معطل کیا گیا تھا، تاہم اب سامنے آنے والے ویڈیو بیانات نے واقعے کی نوعیت تبدیل کر دی ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ایس ایچ او ٹاسک فورس کاشف نے
پڑھیں:
کراچی: 13 کروڑ روپے کی ڈکیتی میں ملوث معروف ٹک ٹاکر گرفتار
پولیس نے شہر کے پوش علاقے PECHS بلاک 2 میں ہونے والی 13 کروڑ روپے سے زائد کی مسلح ڈکیتی کے الزام میں 3 افراد کو گرفتار کرلیا ہے، جن میں ایک بھائی اور 2 بہنیں شامل ہیں، یہ تینوں سوشل میڈیا پر معروف TikTok شخصیات ہیں۔
فیروز آباد تھانہ کے ایس ایچ او انعام جونیجو کے مطابق واردات 26 جون کی صبح قریباً ساڑھے 3 بجے اُس وقت ہوئی، جب متاثرہ شخص محمد سالک اپنی کار پارک کر رہا تھا۔ اچانک ایک کالی گاڑی سے 2 مسلح افراد اور 3 برقع پوش خواتین نمودار ہوئیں، جنہوں نے اسے یرغمال بنا کر گھر کے اندر لے گئے۔
پولیس کے مطابق، ایک ملزم نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) جیسی جعلی وردی پہنی ہوئی تھی، جس پر ادارے کا لوگو بھی موجود تھا، تاکہ کارروائی کو سرکاری کارروائی ظاہر کیا جا سکے۔ ملزمان نے گھر کے اندر داخل ہو کر اسلحے کے زور پر 13 کروڑ روپے نقدی، 9 جدید موبائل فون (بشمول آئی فونز اور گوگل پکسلز)، 20 قیمتی گھڑیاں، ایک اسمارٹ واچ، 25 برانڈڈ پرفیومز، 2 لیپ ٹاپس اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا اور فرار ہو گئے۔
مزید پڑھیں: ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس: ملزم عمر حیات کا اعترافی بیان سامنے آگیا
پولیس نے جائے واردات سے حاصل شدہ CCTV فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے 3 ملزمان کو شناخت کرکے گرفتار کیا، جن میں یسرا، نمرہ اور ان کا بھائی شہریار شامل ہیں۔ چوتھا ملزم شاہروز تاحال مفرور ہے۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ یسرا زیب نہ صرف ایک مشہور ٹک ٹاکر ہیں بلکہ پاکستان کے کئی مشہور برانڈز کے لیے ماڈلنگ بھی کر چکی ہیں۔ ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ملکی و غیر ملکی شخصیات کے ساتھ تصاویر موجود ہیں۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ملزمان نے واردات کے دوران جعلی FIA یونیفارم پہن رکھی تھی تاکہ متاثرہ افراد کو دھوکہ دیا جا سکے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کی شناخت ان کی TikTok ویڈیوز اور سوشل میڈیا موجودگی کے ذریعے کی گئی۔ مزید گرفتاریاں اور مال مسروقہ کی برآمدگی کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
فیروز آباد تھانے میں متاثرہ شہری کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جسے اب گرفتار شدگان کے ناموں سے اپڈیٹ کیا جا رہا ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
13 کروڑ ٹک ٹاکر ڈکیتی کراچی یسرا زیب یسریٰ زیب