بھارتی کرکٹر محمد شامی ایک اور مشکل میں پھنس گئے، سابقہ اہلیہ مقدمہ جیت گئیں
اشاعت کی تاریخ: 2nd, July 2025 GMT
کلکتہ ہائی کورٹ نے بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی کو اپنی سابقہ اہلیہ کو ماہانہ چار لاکھ بھارتی روپے نان نفقے کی مد میں ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق اہلیہ حسین جہاں کے وکیل امتیاز احمد کا کہنا تھا کہ یہ ان موکلہ کے لیے ایک بہترین لمحہ تھا۔ 2018 سے 2024 تک انہوں نے بہت دوڑ دھوپ کی۔ بالآخر حسین جہاں کو ڈیڑھ لاکھ اور بیٹی کو ڈھائی لاکھ روپے ماہانا ادا کیے جانے کا یہ حکم کھلی عدالت میں جاری ہوا ۔
ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو عبوری حکم کی مرکزی درخوات کو چھ ماہ کے اندر نمٹانے کا حکم دیا ہے۔ اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ جب فریقین نان نفقے کی سماعت نمٹانے کے لیے دوبارہ ٹرائل کورٹ لوٹیں تو یہ رقم چھ لاکھ تک بڑھ جائے کیوں کہ حسین جہاں نے اپنی درخواست میں اس مد میں سات لاکھ اور تین لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔
واضح رہے شادی سے قبل حسین جہاں بطور ماڈل کام کرتی تھیں اور 2014 میں محمد شامی سے شادی کے بعد انہوں نے ماڈلنگ کو خیرباد کہہ دیا۔ 2015 ان کے گھر بیٹی کی پیدائش ہوئی۔
2018 میں حسین جہاں کی جانب سے محمد شامی پر گھریلو تشدد اور استحصال کے الزامات عائد کیے گئے جس کے بعد دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: حسین جہاں
پڑھیں:
’گالیاں پڑتی ہیں‘، تنقید کے باوجود ٹک ٹاکر وردہ ملک کی 15 منٹ کی آمدن 1 لاکھ روپے سے زائد
ٹک ٹاک پر مشہور انفلوئنسر وردہ ملک اپنے ساتھ لوگوں کے پیش آنے والے رویے پر رو پڑیں۔
نجی ٹی وی کے پوڈ کاسٹ میں انٹرویو کے دوران وردہ ملک نے مختلف سوالات کے جوابات دیے اور اپنے اوپر ہونے والی تنقید سمیت ویڈیوز بنانے کا دفاع بھی کیا۔
ایک سوال کے جواب میں وردہ نے کہا کہ اگر میں ٹک ٹاکر نہ بنتی تو بھائی کی شادی، گھر کا خرچ، والد کا بائی پاس کیسے ہوتا، دو ہی آپشن ہوتے ہیں یا تو کسی پیسوں والے مرد سے شادی کرو اور اُس کا ظلم برداشت کرو یا پھر باہر نکل کر پیسے کماؤ اور میں نے دوسرے راستے کا انتخاب کیا۔
اپنی ویڈیوز کی وجہ سے سوشل میڈیا اور معاشرے کی جانب سے ملنے والی تنقید پر ٹک ٹاکر نے اشکبار آنکھوں کے ساتھ کہا کہ ’ہم اچھا کریں یا بُرا کریں ہمیں گالیاں پڑتی ہیں اور ہمیں بھی کسی بھی باعزت انسان کی طرح یہ اچھا نہیں لگتا‘۔
انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ایک شادی میں ہمارے حوالے سے جو جملے لوگوں نے استعمال کیے وہ ناقابل برداشت تھے، ان سب کے باوجود میں اپنا کام جاری رکھوں گی۔
وردہ ملک نے یہ بھی بتایا کہ انہیں ویڈیوز بنانے کی وجہ سے اپنے خاندان والوں کی مخالفت کا بھی سامنا ہے مگر وہ اپنے گھر کے حالات اور دیگر وجوہات کی وجہ سے کام کو جاری رکھیں گی۔
ایک سوال کے جواب میں وردہ ملک نے کہا کہ وہ 15 سے 20 منٹ کے دوران 1 لاکھ 20 ہزار روپے تک کما لیتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ٹک ٹاک پر لائیو کے دوران جو فالوورز گفٹ دیتے ہیں عام طور پر اُن کی جانب سے بے ہودہ خواہشات کی جاتی ہیں۔
ریحان طارق کے اس پوڈ کاسٹ کے بعد دو قسم کی آرا سامنے آئیں ایک میں بیشتر لوگوں نے ٹک ٹاکر کو اپنے کام کے دفاع پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ دوسرے طبقے نے سوالات پوچھنے اور مداخلت پر اینکر کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔