کراچی، مومن آباد میں داماد کی فائرنگ سے سسر سمیت تین افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 3rd, July 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد کے علاقے مومن آباد چوک پر پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ خاندانی رنجش کا نتیجہ تھا۔
حکام کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں کی شناخت غوث الدین عرف عمران، گلبد خان اور امین کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول غوث الدین اپنی بیٹی کے سسرال اپنے دو دوستوں کے ہمراہ گیا تھا، جہاں اس کا اپنے داماد حمید سے جھگڑا ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے دوران حمید نے مبینہ طور پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں غوث الدین اور اس کے دو ساتھی موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
واقعے کے بعد ملزم حمید اپنے بھائی رحمت اللہ کے ہمراہ فرار ہو گیا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے والد شاہ جہاں سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے ایک نائن ایم ایم پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
ملزم کے اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں حمید بھی زخمی ہوا ہے، تاہم پولیس نے اس دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: سوشل میڈیا پر پاکستانی پرچم کی بے حرمتی کرنیوالا ملزم گرفتار
کراچی پولیس نے سوشل میڈیا پر پاکستانی پرچم کی بے حرمتی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سٹی عارف عزیز نے بتایا کہ کراچی کے علاقے لیاری بغدادی سے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران ملزم نعمان کو گرفتار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے 13 اگست کو ویڈیو بناتے ہوئے پاکستانی پرچم کی بے حرمتی کی تھی، گرفتار ملزم کا آبائی تعلق باجوڑ سے ہے۔ایس ایس پی عارف عزیز نے مزید بتایا کہ ملزم نے گرفتاری کے بعد اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ وہ لی مارکیٹ کا رہائشی اور بنیان کا ٹھیلا لگاتا ہے اور اس نے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ ایسی غلطی نہیں کرے گا۔عارف عزیز کے مطابق پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔