انڈونیشیا: بالی کے قریب کشتی حادثہ، 4 ہلاک، 38 افراد لاپتا
اشاعت کی تاریخ: 3rd, July 2025 GMT
انڈونیشیا کے مشہور سیاحتی مقام بالی کے قریب ایک مسافر کشتی ڈوبنے کے واقعے میں 4 افراد ہلاک جبکہ 38 افراد لاپتا ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کشتی میں کل 65 افراد سوار تھے جن میں 12 کا تعلق عملے سے تھا۔ ریسکیو ٹیموں نے اب تک 23 افراد کو بحفاظت نکال لیا ہے جبکہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
حادثہ گزشتہ رات پیش آیا تاہم اس کی حقیقی وجوہات جاننے کے لیے حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
سیاحتی جزیرے بالی میں اس طرح کے حادثے نے سیاحت کے حوالے سے سیکیورٹی خدشات کو جنم دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بچاؤ کارروائیاں تیز کی جا رہی ہیں اور میرین ٹریفک قوانین کا بھی ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
شکارپور میں تیز رفتار ٹرک سڑک کنارے سوئے مزدوروں پر چڑھ دوڑا، 7 جاں بحق
قومی شاہراہ بائی پاس پر تیز رفتار ٹرک نے سڑک کنارے سوئے ہوئے افراد کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں 7 افراد موقع پر جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ افسوس ناک حادثہ اُس وقت پیش آیا جب سبزی سے بھرا ٹرک اچانک بے قابو ہو کر سڑک کنارے سوئے مزدوروں پر چڑھ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس پہنچی، جہاں سے جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال شکارپور منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ ٹرک کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی حادثے کی وجوہات پر حتمی رائے دی جا سکے گی۔