کوئٹہ، یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد
اشاعت کی تاریخ: 6th, July 2025 GMT
جلوس عزاء میں 37 ماتمی دستے عزاداری اور ماتمداری کرینگے۔ نماز ظہرین میزان چوک پر ادا کی جائیگی، جبکہ مجالس عزاء کیلئے مرکزی اسٹیج میزان چوک اور امام بارگاہ کلاں کے سامنے لگائے جائینگے۔ اسلام ٹائمز۔ دس محرم الحرام یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں امام بارگاہ حسینی ہزارہ نچاری علمدار روڈ سے برآمد ہوگیا۔ جلوس کی قیادت بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر عاشق حسین ہزارہ کر رہے ہیں، جبکہ علمائے کرام، دیگر عمائدین، انجمن تاجران کے نمائندے اور انتظامیہ کے نمائندے بھی ان کے ہمراہ موجود ہیں۔ مرکزی جلوس عزاء علمدار روڈ سے طوغی روڈ، لیاقت بازار، پرنس روڈ سے ہوتے ہوئے میکانگی روڈ سے دوبارہ علمدار روڈ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ اس موقع پر نماز ظہرین میزان چوک پر باجماعت ادا کی جائے گی، جبکہ پہلی مرکزی مجلس میزان چوک پر نماز ظہرین سے قبل، جبکہ دوسری مجلس عصر کے بعد میکانگی روڈ امام بارگاہ کلاں کے سامنے منعقد ہوگی۔ جس میں علماء کرام واقعہ کربلا کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالیں گے۔ عزادار مغرب تک واپس علمدار روڈ میں داخل ہو جائیں گے۔ بلوچستان شیعہ کانفرنس کے اعداد و شمار کے مطابق اس سال کوئٹہ میں جلوس یوم عاشورہ میں 37 ماتمی دستے شامل ہونگے۔ یوم عاشور کی مناسبت سے حکومت کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتطامات کئے گئے ہیں۔ جلوس عزاء کی سکیورٹی کے لئے پولیس، ایف سی سمیت دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے 8 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بھی جلوس عزاء کے روٹس کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: علمدار روڈ جلوس عزاء میزان چوک روڈ سے
پڑھیں:
کراچی میں 9ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا
جلوس سے قبل مرکزی نشتر پارک میں منعقدہ مجلس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے، جلوس کے شرکاء نماز ظہرین ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضاؑ کے سامنے مولانا شیخ محمد صادق جعفری کی اقتدا میں ادا کریں گے۔ نماز ظہرین کا اہتمام امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے کیا جائے گا۔ اسلام ٹائمز۔ 9 محرم الحرام کو نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقاء کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے جلوس و مجالس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ کراچی میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے ایک بجے برآمد ہوگا۔ جلوس سے قبل مرکزی نشتر پارک میں منعقدہ مجلس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے۔ جلوس کے شرکاء نماز ظہرین ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضاؑ کے سامنے مولانا شیخ محمد صادق جعفری کی اقتداء میں ادا کریں گے۔ نماز ظہرین کا اہتمام امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے کیا جائے گا۔
نماز ظہرین کے بعد جلوس صدر، ریڈیو پاکستان، جامع کلاتھ، ڈینسو ہال کھارادر سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کی قیادت پاک حیدری اسکاٹ کریگی۔ مرکزی جلوس کے موقع پر شہر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کی گزرگاہ اور اطراف کی گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینر لگا کر سیل کیا گیا ہے جبکہ جلوس کی سیکیورٹی کے لئے پولیس و رینجرز بھی تعینات ہے اور جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ کی جائے گی۔