حضرت امام حسین اور ان کے اہل بیت کی عظیم قربانی اسلام کی سربلندی، عدل کے قیام اور ظلم و جبر کے خاتمے کی روشن مثال ہے، انوارالحق
اشاعت کی تاریخ: 7th, July 2025 GMT
یوم عاشورہ پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھی حسنیت کے نقشِ قدم پر چل کر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین (ع) اور ان کے اہل بیت کی عظیم قربانی اسلام کی سربلندی، عدل کے قیام اور ظلم و جبر کے خاتمے کی روشن مثال ہے۔ یومِ عاشورہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ خانوادہ رسالت ﷺ نے میدانِ کربلا میں جس ثابت قدمی اور قربانی کا مظاہرہ کیا، وہ رہتی دنیا تک مظلوموں کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا تاریخِ اسلام کا ایک ناقابلِ فراموش باب ہے، جہاں امام عالی مقام (ع) اور ان کے جانثاروں نے دین کی بقا کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کا واضح مقصد عدل و حق کا قیام اور ظلم کا خاتمہ تھا۔ وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھی حسنیت کے نقشِ قدم پر چل کر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ کشمیری نوجوان اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے سامنے جرأت و استقامت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے "رسمِ شبیری" ادا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں محرم الحرام کے جلوسوں پر پابندی اور عاشورہ کے موقع پر کرفیو کے نفاذ کو مذہبی آزادی پر کھلا حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کشمیری مسلمانوں کے بنیادی انسانی حقوق سلب کر رہی ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی حکومت کی فسطائیت اور مذہبی جبر کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مقبوضہ جموں و کشمیر کا ہر گوشہ بھارتی تسلط سے آزاد نہیں ہو جاتا، کشمیری قوم اپنے حسینی عزم کے ساتھ جدوجہد جاری رکھے گی۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: نے کہا کہ
پڑھیں:
آزاد کشمیر ہمیں جہاد سے ملا اور باقی کشمیر کی آزادی کا بھی یہ ہی راستہ ہے، شاداب نقشبندی
سربراہ پاکستان سنی تحریک نے کہا کہ 78 سال سے جاری حق خود ارادیت کے درس سے کشمیریوں کو کچھ حاصل نہیں ہوا، آزاد کشمیر ہمیں جہاد سے ملا اور باقی کشمیر کی آزادی کا بھی یہ ہی راستہ ہے، افواج پاکستان کشمیر کی آزادی کیلئے جب بھی علم جہاد بلند کریگی پوری قوم شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔ اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر پاکستان کا ہے، بھارت ظلم و بربریت فوری بند کردے، پاکستان سنی تحریک اسلام و ملک دشمنوں اور مقبوضہ کشمیر میں ظالموں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی، فلسطین اور بھارت میں مسلم نسل کشی اور انسانیت سوز مظالم کھلی دہشتگردی ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہیں بھارت کا ظالمانہ و غاصبانہ اور انسانیت دشمن دہشتگردانہ چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے، مقبوضہ جموں کشمیر کی آزادی کیلئے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کا وقت آگیا ہے، پاکستان کے عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور ان کی سیاسی و اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، دھونس دھمکیوں اور گیدڑ بھبکیوں کا دور گذر گیا بھارت کو ہر سطح پر شکست دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کیا۔
محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں پر زمین تنگ کی جارہی ہے، اقلیتیں غیر محفوظ اور بھارتی مظالم کی انتہا ہوچکی ہے، اقلیتوں کی نسل کشی معمول بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 78 سال سے جاری حق خود ارادیت کے درس سے کشمیریوں کو کچھ حاصل نہیں ہوا، آزاد کشمیر ہمیں جہاد سے ملا اور باقی کشمیر کی آزادی کا بھی یہ ہی راستہ ہے، افواج پاکستان کشمیر کی آزادی کیلئے جب بھی علم جہاد بلند کریگی، پوری قوم شانہ بشانہ کھڑی ہوگی، اقوام متحدہ میں قرارداد صرف بھارتی قبضے کا بہانا تھا جو 78 سال پہلے ہی اپنا مقصد پورا کرچکی ہے، کشمیر اور فلسطین کی آزادی کا سورج انشا اللہ جلد طلوع ہونیوالا ہے، ظلم و جبر کرنیوالے اللہ کے عذاب سے کسی طور بھی نہیں بچ سکیں گے، مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل کیلئے فی الفور اور بلاتفریق اقوام متحدہ کردار ادا کرے۔