اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت نے انتخابی نظام کا حلیہ بگاڑ دیا‘حافظ نعیم الرحمن
اشاعت کی تاریخ: 8th, July 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جمہوریت کے نام پر ملک پر ظلم و جبر کا نظام مسلط ہے۔ فارم 47کی ایجاد نے عوام سے رائے دہی کا حق چھین لیا اوراس کی بنیاد پر بنائی گئی جعلی حکومت نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ جماعت اسلامی عوامی طاقت سے ظلم کے اس نظام کاخاتمہ کرے گی۔ہماری سیاست گالی، گولی،تعصب اور نفرت کی سیاست نہیں ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت نے انتخابی نظام کاحلیہ بگاڑ دیا ہے۔سیٹیں چھینی اور من پسند لوگوں میں بانٹی جاتی ہیں۔ دھونس اور دھاندلی سے جاگیردار،وڈیرے اور سرمایہ دار اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہو کر عوام کا خون چوس رہے ہیں۔کروڑوں اور اربوں روپے کے اشتہارات دے کر ترقی و خوشحالی کے جھوٹے دعوے کرنا اور لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکناحکمرانوں کا پسندیدہ مشغلہ بن چکاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی،ن لیگ ہو یا پی ٹی آئی سب اسٹیبلشمنٹ کے مہرے ہیں۔باجوہ کو ایکسٹیشن دینے،شراب کے پرمنٹ بانٹنے اور اپنی تنخواہوں میں اضافے کے لیے یہ سب اکٹھے ہوجاتے ہیں مگر غزہ و کشمیر میں ہونے والے ظلم پرسب خاموش ہو جاتے ہیں۔ غزہ میں اسرائیل نے ہزاروں معصوم فلسطینیوں کا قتل عام کیا مگر حکومت کی طرف سے اس ظلم کو رکوانے کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔حکمرانوں کا کام مذمت کرنا نہیں بلکہ اقدامات اٹھانا ہوتا ہے مگر ہمارے حکمران تو امریکا کے خوف سے کھل کر مذمت بھی نہیں کررہے۔انہوں نے کہا کہ جرأت و حمیت سے عاری حکمران غزہ میں جاری مسلم کشی پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بلوچ،سندھی،پختون اور پنجابی ہر کوئی حکمرانوں کے ظلم کا شکار ہے۔ جماعت اسلامی ظلم و جبر اور فساد کی جگہ قرآن و سنت کے منصفانہ نظام کے قیام کی جدوجہد کررہی ہے۔انتخابات پُرامن انقلاب کا ایک ذریعہ ہیں۔جماعت اسلامی ملک میں آئین و دستور کی بالا دستی اور قانون کی حکمرانی چاہتی ہے۔اس مقصد کے حصول کے لیے ہم قوم کو فروعی اختلافات سے نکال کر اتحاد و یکجہتی کے لیے کوشا ں اور سیاسی عمل کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔عوام نے فارم 47کی جعلی حکومت کو تسلیم نہیں کیا۔ہم نے عوام کی اس حق تلفی کی پرزور مذمت کی اور اس کے خلاف ہر سطح پر احتجاج کیا۔مخصوص نشستوں کے ظالمانہ فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے ہم نے یہ سیٹیں پی ٹی آئی کو دینے کا مطالبہ کیا مگر مقتدر ٹولہ کسی آئین و قانون کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ملک کو بند گلی میں دھکیلنے پر تلا بیٹھا ہے۔
لاہور، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن منصورہ میںمرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کررہے ہیں
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: حافظ نعیم الرحمن جماعت اسلامی کے لیے
پڑھیں:
حافظ تنویر احمد جماعت اسلامی پنجاب کے قائم مقام سیکرٹری جنرل کا حلف لے رہے ہیں
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">