بلوچستان: سرکاری وسائل کے غلط استعمال پر ذمہ دار افسر برطرف
اشاعت کی تاریخ: 8th, July 2025 GMT
---فائل فوٹو
بلوچستان حکومت نے سرکاری وسائل کے غلط استعمال کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار افسر کو عہدے سے برطرف کر دیا۔
صوبائی حکومت کے ترجمان کے مطابق ایک سرکاری گاڑی کا خلافِ قانون استعمال سامنے آنے پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔
صوبائی حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ چیف سیکریٹری بلوچستان نے مذکورہ افسر کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے معاملے کی شفاف تحقیقات کا حکم دیا ہے تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے اور انہیں قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جا سکے۔
چیف سیکریٹری بلوچستان نے واضح کیا کہ عوامی وسائل کا غلط اور بے جا استعمال ناقابلِ برداشت ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
چیف سیکریٹری بلوچستان کا کہنا ہے کہ یہ عمل شفاف حکمرانی و جوابدہی کی پالیسی کا حصہ ہے جو موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
حکومت بلوچستان کے پاس گندم کا ذخیرہ ختم، بحران کا خدشہ
محکمہ خوراک کے ذرائع کے مطابق صوبے میں سال 2024 سے 2025 کیلیے گندم کی تاحال خریداری نہیں کی گئی۔ اسلیے رواں سال گندم کی خریداری نہ ہونے سے بلوچستان میں گندم کا اسٹاک صفر ہوگیا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان میں محکمہ خوراک کے پاس گندم کا ذخیرہ ختم ہونے کے باعث گندم کا بحران شدت اختیار کرنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ محکمہ خوراک کے ذرائع کے مطابق صوبے میں سال 2024 سے 2025 کے لیے گندم کی تاحال خریداری نہیں کی گئی۔ اس لیے رواں سال گندم کی خریداری نہ ہونے سے بلوچستان میں گندم کا اسٹاک صفر ہوگیا ہے۔ ذرائع نے مقامی اخبار کو بتایا کہ کابینہ کی منظوری سے صوبے میں 2023 کا اسٹاک ریلیز کر دیا گیا ہے۔ تاہم بلوچستان میں ستمبر 2025 تا مارچ 2026 کے لیے محکمہ کے پاس گندم دستیاب نہیں ہے۔ موجودہ گندم بحران سے نمٹنے کیلئے بلوچستان حکومت کو سمری بھجوا دی گئی ہے۔ سمری میں پاسکو یا حکومت پنجاب سے 5 لاکھ بیگز گندم کی خریداری کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ بلوچستان کابینہ کی منظوری کے بعد گندم کی خریداری کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔