بلاول بھٹو زرداری کا بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس
اشاعت کی تاریخ: 9th, July 2025 GMT
فوٹو فائل
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے واقعات میں جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے۔
ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلوچستان، خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور راولپنڈی میں 19 جانوں کا ضیاع صدمے کا باعث ہے، بارش کے دوران حادثات میں پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے مِل کر بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کریں۔
پروینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ تمام حکومتیں اور ادارے ممکنہ تیز بارش اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان کو غیر متوقع موسمی اور منفی اثرات کو جھیلنا پڑ رہا ہے۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ گلوبل وارمنگ اور ماحولیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات کی روک تھام کے لیے دنیا کو اب الفاظ نہیں، وسائل کو بروئے کار لانا ہوگا۔
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: بلاول بھٹو
پڑھیں:
مون سون کا طاقتور سپیل جاری، مختلف علاقوں میں آج بھی بارشوں کی پیشگوئی
صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں مون سون کا طاقتور سپیل جاری ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آج بھی وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کردی، مون سون بارشوں کے باعث حبس اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آ گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 27 اور زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد رہا۔محکمہ موسمیات نے آج جمعہ کے روز پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں پر اثرانداز ہیں، جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بھی موسم کو متاثر کر رہا ہے، اس کے باعث بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کا امکان برقرار رہے گا۔پیشگوئی کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، فیصل آباد، سرگودھا، مری، گلیات، جہلم، اٹک اور چکوال سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، خیبرپختونخوا کے پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات، دیر، چترال، کوہستان اور دیگر بالائی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے، جبکہ شمال مشرقی بلوچستان کے کوئٹہ، زیارت، ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان اور ملحقہ علاقوں میں کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے، سندھ کے بالائی اور جنوب مشرقی علاقوں میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، تاہم صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں شدید بارش کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، برساتی ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے جبکہ شہریوں، بالخصوص سیاحوں اور پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے والوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ادھر قومی و صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں نے بھی مقامی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ تیز بارش، آندھی یا گرج چمک کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔