برسلز، مقررین کا برہان وانی سمیت تمام کشمیری شہداء کو شاندار خراج عقیدت
اشاعت کی تاریخ: 11th, July 2025 GMT
ذرائع کے مطابق حریت رہنما الطاف حسین وانی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید اور نائب صدر خالد محمود جوشی اور دیگر نے خطاب کیا۔ اسلام ٹائمز۔ کشمیر کونسل ای یو کے زیراہتمام برسلز میں ایک تقریب میں شہدائے کشمیر خصوصا معروف نوجوان رہنماء برہان مظفر وانی کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق حریت رہنما الطاف حسین وانی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید اور نائب صدر خالد محمود جوشی اور دیگر نے خطاب کیا۔مقررین نے شہید برہان وانی سمیت تمام کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے جدوجہد آزادی کشمیری کو ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ الطاف حسین وانی نے کہا کہ کشمیری شہداء کا مقدس خون تحریک آزادی کشمیر کا بیش قیمت اثاثہ ہے جسے ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کی آواز کو بین الاقوامی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور یورپی یونین کے اداروں تک پہنچا رہے ہیں تاکہ کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلائی جا سکے اور مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل تلاش کر کے خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ کے ممبران سے ملاقاتوں کے ذریعے کشمیری عوام کی حالتِ زار کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں تاکہ کشمیر کے دیرینہ تنازعے کا حل تلاش کیا جا سکے اور دو ایٹمی طاقتوں پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی کو ختم کیا جا سکے۔ علی رضا سید اور خالد جوشی نے جدوجہد آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس دوران عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے عملی اقدامات کرے۔
.ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
برہان وانی صرف ایک مجاہد نہیں ایک نظریہ ہیں، پیر مظہر
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کے نوجوان رہنما تحریک مزاحمت کے سرخیل برہان مظفر وانی کی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کیا۔ اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ برہان وانی تحریک آزادی کشمیر اور مزاحمت کی علامت ہیں، وہ صرف ایک مجاہد نہیں ایک نظریہ ہے، کشمیر کا ہر جوان برہان وانی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کے نوجوان رہنما تحریک مزاحمت کے سرخیل برہان مظفر وانی کی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کیا۔ وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ خوش قسمت ہے وہ ماں جس نے برہان وانی جیسے عظیم سرخیل کو جنم دیا، برہان وانی اپنے خون سے ایک طرف تحریک آزادی کشمیر کو ایک نئی طاقت اور جلا بخش گئے، دوسری طرف عالمی سطح پر بھارتی حکومت کا بھیانک، مکروہ، سیاہ اور قبیح چہرہ بھی عیاں کر گئے، برہان مظفر وانی نے شعور جگایا، وہ نہ جھکا، نہ رکا، نہ بکا، ظلم کے ہر وار پر اس کی مسکراہٹ اور عزم صمیم ہی جواب تھا۔
پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ بھارتی فوج کے ظلم و ستم سے تنگ آ کر برہان مظفر وانی نے صرف 15 برس کی عمر میں جہاد شروع کیا اور اپنی شہادت سے تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونکی دی، اپنے حصے کی شمع جلا کر جامِ شہادت نوش کیا۔ وہ اپنے عزم کی وجہ سے تحریک آزادی کے عظیم مجاہد بن گئے۔ برہان وانی نے سوشل میڈیا کے ذریعے آزادی کے پیغام کو گھر گھر پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ برہان وانی شہید کی والدہ محترمہ اور والد محترم کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ برہان وانی شہید کے بھائیوں، بہنوں اور شہید حریت پسندوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔