اسلام آباد؛ پولیس کے مبینہ تشدد سے تھانے میں شہری جاں بحق، قتل کا مقدمہ درج
اشاعت کی تاریخ: 11th, July 2025 GMT
اسلام آباد:
وفاقی دارالحکومت میں تھانے میں مبینہ طور پر پولیس کے تشدد سے ایک اور شہری کی موت پر تھانہ ترنول کے سب انسپکٹر کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق زیرحراست شہری کی موت اسلام آباد کے تھانہ ترنول میں ہوئی اور مقدمے میں تفتیشی افسر اے ایس آئی رانا اسلم اور تین کانسٹیبلز کے خلاف قتل کی دفعات عائد کی گئی ہیں اور مقدمے میں ایس ایچ اوتھانہ ترنول شوکت محمود اور محرر کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ تھانہ ترنول کے اے ایس آئی رانا اسلم نے اشتہاری مجرم کو میانوالی سے گرفتار کیا، اے ایس آئی رانا اسلم اور تین کانسٹیبلز نے تھانے میں گرفتار مجرم کی گرفتاری ظاہر نہیں کی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ رات کو اے ایس آئی رانااسلم مجرم کو حوالات سے نکال کر اپنے کمرے میں لے گیا اور ساتھی کانسٹیبلز کے ساتھ مل کر ملزم پر تشدد کرتا رہا اور حالت خراب ہونے پر ملزم کو اسپتال لایا گیا جہاں معلوم ہوا کہ ملزم دم توڑ چکے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: اے ایس آئی
پڑھیں:
بنوں؛ تھانے اور گھر پر ڈرون سے حملہ، خاتون جاں بحق
پشاور:خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں تھانے اور ایک گھر پر ڈرون سے حملہ کیا گیا، جس میں خاتون جاں بحق ہوگئی۔
پولیس کے مطابق میریان اور ہوید کی حدود میں ڈرون سے دو الگ الگ حملے ہوئے۔ پہلا حملہ پولیس اسٹیشن جبکہ دوسرا حملہ ایک رہائشی گھر پر ہوا۔
ڈرون حملے میں خاتون جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈرون حملے کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرون اونچائی پر تھا اس لیے نشانہ نہ بنایا جا سکا۔
پولیس نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈرون حملہ مسلح افراد کی جانب سے کیا گیا اور اس حوالے سے سرچ آپریشن جاری ہے۔