پی ٹی آئی کا قافلہ لاہور پہنچ گیا، پولیس نے گرفتاریاں شروع کر دیں
اشاعت کی تاریخ: 12th, July 2025 GMT
پی ٹی آئی قیادت شاہدرہ سے قافلے کی صورت میں رائیونڈ فارم ہاؤس پر جائیں گی جہاں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ہے، وہاں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور وزیر اعلیٰ کے پی کے کی صدارت میں پنجاب اور کے پی کے پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس ہوگا۔ اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کا آئندہ احتجاجی تحریک کے لائحہ عمل طے کرنے کیلئے تحریک انصاف کا قافلہ لاہور پہنچ گیا۔ قافلے کی قیادت پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور کر رہے ہیں، قافلے میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت پنجاب اور کے پی کے کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی شریک ہیں۔ شاہدرہ میں قافلے کا کارکنوں کی جانب سے استقبال کیا جائے گا جب کہ پولیس نے پی ٹی آئی راہنماؤں کی گرفتاریاں بھی شروع کردی، راوی پل سے یاسر گیلانی کو حراست میں لے لیا گیا۔
خیال رہے پی ٹی آئی قیادت شاہدرہ سے قافلے کی صورت میں رائیونڈ فارم ہاؤس پر جائیں گی جہاں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ہے، وہاں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور وزیر اعلیٰ کے پی کے کی صدارت میں پنجاب اور کے پی کے پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس ہوگا، اجلاس میں آئندہ کی احتجاجی تحریک پر حکمتِ عملی مرتب کی جائے گی۔ یاد رہے پی ٹی آئی کی جانب سے باقاعدہ پریس کانفرنس کے ذریعے کل احتجاجی تحریک کا اعلان کیا جائے گا۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
اسحاق ڈار ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس کیلئے کرغزستان پہنچ گئے
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم ایس سی او وزرائے خارجہ کے غیر رسمی عشائیے میں شرکت کریں گے اور رکن ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اسلام ٹائمز۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان کے شہر چولپون آتا پہنچ گئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چولپون آتا پہنچنے پر کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ کیرات تورسنکولوف نے نائب وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کرغزستان میں پاکستان کے سفیر التمش وزیر اور ایس سی او کے لیے قومی رابطہ کار ڈاکٹر محمد فیصل بھی موجود تھے۔ ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم ایس سی او وزرائے خارجہ کے غیر رسمی عشائیے میں شرکت کریں گے اور رکن ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقاتوں میں کل ہونے والے ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے ایجنڈے پر بھی بات چیت کی جائے گی۔