نومنتخب آسٹریلوی پارلیمنٹ کے پہلے اجلاس میں فلسطین کی حمایت اور اسرائیل کی شدید مذمت
اشاعت کی تاریخ: 22nd, July 2025 GMT
آسٹریلیا کی نئی منتخب پارلیمنٹ کے پہلے اجلاس کے دوران فلسطین کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیل پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی گرینز کی ڈپٹی لیڈر سینیٹر مہریں فاروقی نے اٹارنی جنرل سیم موسٹن کی تقریر کے دوران احتجاجاً پلے کارڈ اٹھایا ہوا تھا۔
جس پر لکھا تھا کہ’’غزہ بھوکا مر رہا ہے، الفاظ کافی نہیں، اسرائیل پر پابندی لگاؤ۔‘‘ متعدد ارکان بھی اظہارِ یکجہتی کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہوگئے۔
ہوم افیئرز کے وزیر ٹونی برک نے کہا کہ غزہ میں جو کچھ دیکھ رہے ہیں وہ ناقابل دفاع ہے، یرغمالیوں کو اب بھی رہا کیا جانا چاہیے لیکن جنگ کو ختم ہونا چاہیے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ حکومت کی جانب سے ایک مشترکہ بیان خط کی صورت میں بھیجا گیا ہے جس میں غزہ کی صورت حال پر سخت مؤقف اختیار کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پارلیمنٹ کے باہر بھی سیکڑوں افراد جمع تھے جنھوں نے غزہ کے حق میں مظاہرہ کیا اور اسرائیل پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔
غزہ کے حق میں احتجاج کرنے والے مظاہرین میں کچھ نے پارلیمنٹ میں گھسنے کی کوشش بھی کی جس پر پولیس اہلکاروں نے درجن سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔
خیال رہے کہ حالیہ انتخابات میں لیبر پارٹی نے 150 رکنی ایوانِ نمائندگان میں سے 94 نشستیں حاصل کیں، جو 1996 کے بعد کسی بھی حکومت کی سب سے بڑی اکثریت ہے۔
اپوزیشن جماعت لبرل پارٹی کو محض 43 نشستیں ملیں جبکہ باقی 13 نشستیں آزاد اور چھوٹی جماعتوں کے پاس ہیں۔
سینیٹ میں کسی جماعت کو اکثریت حاصل نہیں، جہاں لیبر پارٹی کے 29، کنزرویٹو اپوزیشن کے 27، جبکہ گرینز کے 10 ارکان ہیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
آسٹریلیا نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی
میلبرن میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کرنے والی آسٹریلوی ٹیم کے انتخاب نے کامیابی کی راہ ہموار کی۔ بھارت کی پوری ٹیم 18.4 اوورز میں 125 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، جس میں ابھیشیک شرما نے 68 اور ہرشیت رانا نے 35 رنز بنا کر نمایاں کارکردگی دکھائی، جبکہ دیگر بلے باز ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکے۔ اکشر پٹیل 7، شبمان گل 5، شیوام دوبے 4، سنجو سیمسن 2، سوریا کمار یادیو ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، تلک ورما، کلدیپ یادیو اور جسپریت بمراہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ آسٹریلوی بولرز میں جوش ہیزل ووڈ نے 3، زیویئر بارٹلیٹ اور نیتھن ایلس نے 2، 2 جبکہ مارکس اسٹوئنس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم نے 126 رنز کا ہدف باآسانی 13.2 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کپتان مچل مارش 46، ٹریوس ہیڈ 28 اور جوش انگلس 20 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو اور ورون چکرورتی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس فتح کے ساتھ آسٹریلیا نے پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے، جبکہ سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔