ملتان:موٹر وے پر بس حادثہ ،ایک مسافر جاں بحق اور 4 شدید زخمی
اشاعت کی تاریخ: 24th, July 2025 GMT
ملتان کے قریب موٹر وے پر بس حادثے میں ایک مسافر جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہوگئے۔موٹروے ایم 5 پر بس صادق آباد سے لاہور آرہی تھی جو حادثے کا شکار ہوگئی، حادثہ ملتان کے قریب پیش آیا جب بس کا ڈرائیور اچانک اونگھنے کے باعث بس سے قابو نہ پا سکا اور وہ موٹروے سے نیچے اتر گئی۔ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویش ناک ہے ۔ترجمان موٹر وے پولیس نے کہا کہ بس میں سوار دیگر مسافروں کی زندگی بچانے کے لئے فوری طور پر کارروائیاں کی گئیں اور امدادی ٹیموں نے صورتحال پر قابو پا لیا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
لاہور میں ٹریفک حادثہ: بوتلوں سے بھرا ٹرک رکشے پر الٹ گیا، چار افراد جاں بحق
لاہور کے علاقے ایم اے او کالج کے قریب خوفناک ٹریفک حادثے میں چار افراد جاں بحق ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق بوتلوں سے بھرا ٹرک رکشے کے اوپر الٹ گیا جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار چار افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 60 سالہ شبانہ زوجہ شفیق، 67 سالہ شفیق ولد فردوس محمد، 35 سالہ ساجد ولد شفیق، اور 32 سالہ اقرہ زوجہ ساجد شامل ہیں۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے میو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ علاقے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔