دیامر سے لاپتہ ٹی وی اینکر کی تلاش میں اہم پیشرفت
اشاعت کی تاریخ: 28th, July 2025 GMT
گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں سیلاب میں لاپتہ ہونے والی نجی ٹی وی اینکر کی گاڑی ملبے سے مل گئی۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللّٰہ فراق نے کہا کہ شاہراہ بابوسر پر سرچ آپریشن میں تیزی لائی گئی ہے، شاہراہ بابوسر پر پندرہ کے قریب سیاح ریلوں میں بہہ گئے تھے۔
سرچ آپریشن کے دوران نجی ٹی وی کی اینکر کی گاڑی ملبے سے نکال لی گئی ہے، گاڑی میں کوئی موجود نہیں تھا، لاپتا فیملی سمیت دیگر سیاحوں کی تلاش جاری ہے۔
ترجمان جی بی حکومت کا مزید کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ بابوسر ناران شاہراہ ایک ہفتے بعد بحال کر دی گئی ہے، شاہراہ بابوسر کو یکطرفہ ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے، مسافر محتاط انداز اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، چلاس تھک نالے میں سیلاب سے 10 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
خیال رہے کہ بابو سر تھک نالے میں آنے والے سیلاب میں ایک اور فیملی کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی، لاپتہ ہونے والوں میں لیاقت، اہلیہ شبانہ اور ان کے 4 بچے شامل ہیں۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت کا کہنا تھا کہ شبانہ لیاقت نجی ٹی وی چینل میں اینکر ہیں، چینل انتظامیہ نے لاپتہ ہونے کا کہہ کر رابطہ کیا، شاہراہ بابو سر پر نجی ٹی وی چینل کی اینکر پرسن کا پرس مل گیا، پرس تھک بابوسر کے مقامی رضا کار کو ملا ہے۔
پرس میں خاتون کا شناختی کارڈ موجود ہے، لاپتہ سیاحوں کی تلاش جاری ہے، سراغ رساں کتوں اور ڈرونز کی مدد بھی حاصل ہے، پولیس، انتظامیہ، ڈیزاسٹر منیجمنٹ، ریسکیو سرچ آپریشن میں شامل ہیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: لاپتہ ہونے نجی ٹی
پڑھیں:
امریکا کیلئے براہ راست پروازوں کی بحالی میں بڑی پیشرفت
اسلام آباد:پاکستان سے امریکا کیلئے براہ راست پروازوں کی بحالی کے سلسلے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم جنوری میں ایک اور آڈٹ کے لیے پاکستان پہنچے گی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے تمام متعلقہ شعبوں کے سربراہان کو امریکی آڈٹ کی تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔
امریکی ٹیم پاکستان سول ایوی ایشن اور ملکی ایئر لائنز کے طیاروں کی مینٹیننس، فلائٹ سیفٹی اور آپریشنل معیار کا تفصیلی جائزہ لے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آڈٹ کے دوران امریکی ماہرین ان طیاروں کا بھی معائنہ کریں گے جو مستقبل میں پاکستان سے امریکا کے لیے براہ راست پروازوں میں استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ ستمبر میں امریکی ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم نے سی اے اے اور پاکستانی ایئر لائنز کے طیاروں کا ابتدائی آڈٹ کیا تھا۔
جنوری میں ہونے والا نیا آڈٹ کامیاب ہونے کی صورت میں پاکستانی ایئر لائنز کی امریکا کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی کا راستہ ہموار ہو جائے گا۔