10سال سزا الیکشن نے اعجاز چوہدری ‘ احمد بھچر ‘ احمد چٹھہ کو نااہل قراردیدیا
اشاعت کی تاریخ: 29th, July 2025 GMT
اسلام آباد+راولپنڈی +سرگودھا+وزیرآباد(وقائع نگار+جنرل رپورٹر+نمائندہ خصوصی+نامہ نگار )الیکشن کمشن آف پاکستان نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعجاز چوہدری، ایم این اے محمد احمد چٹھہ اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بھچرکی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ میانوالی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس میانوالی کیس میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب خان سمیت نامزد 57 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ الیکشن کمشن نے سینیٹر اعجاز چوہدری کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے اعجاز چوہدری کو انسداد دہشت گردی عدالت نے مجرم قرار دے کر 10 سال کی سزا سنائی ہے۔ الیکشن کمشن کے مطابق اعجاز چوہدری آرٹیکل 63 ون ایچ کے تحت رکن سینٹ رہنے کے اہل نہیں رہے۔الیکشن کمشن کی جانب سے ایم این اے محمد احمد چٹھہ اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان کی نااہلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے احمد چٹھہ اور احمد خان بھچرکو مجرم قرار دیتے ہوئے 10 سال کی سزا سنائی ہے۔الیکشن کمشن کے مطابق احمد چٹھہ این اے 66 وزیرآباد اور احمد خان بھچر پی پی87 میانوالی سے منتخب ارکان اسمبلی تھے۔سرگودھاسے نمائندہ خصوصی کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں 9 مئی کے روز ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ کے واقعہ سے متعلق مقدمات 179اور 180 کمر مشانی، 349 ، 348، 355 سٹی میانوالی میں سماعت ہوئی ۔ وارنٹ گرفتاری جاری ہونے والوں میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بھچر، ایم این ایز بلال اعجاز اور احمد چٹھہ کے نام شامل ہیں۔عدالت نے مقدمہ نمبر 349 تھانہ سٹی میانوالی کی سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے تمام ملزموں کو پیش کرنے کا حکم دیا۔پی ٹی آئی کے وکیل جواد مظہر دھون کے مطابق کیس میں گواہان کی شہادتیں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ عدالت نے تمام ملزموں کی عدم پیشی پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔راولپنڈی سے جنرل رپورٹر کے مطابق انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے 26 نومبر کو تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے میں نامزد ملزم کے پیش نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے 70 ملزموں کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: وارنٹ گرفتاری جاری اعجاز چوہدری اپوزیشن لیڈر الیکشن کمشن احمد چٹھہ عدالت نے کے مطابق
پڑھیں:
لاہور، سپیکر پنجاب اسمبلی سے نئے ترک قونصل جنرل کی ملاقات
سپیکر ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ پنجاب میں ترک سرمایہ کاروں کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ پارلیمانی اور سفارتی روابط سے پاک ترک دوستی مزید مستحکم ہوئی ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ترک دوستی کی اہمیت نئی نسلوں تک منتقل کرنا وقت کی ضرورت ہے اسلام ٹائمز۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے ترکیہ کے قونصل جنرل لاہور محمت ایمان شِمشیک نے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر دو طرفہ تعلقات، تجارتی تعاون، دفاع، تعلیم اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں اسٹریٹیجک شراکت داری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے ترکیہ کے قونصل جنرل کی لاہور میں تعیناتی پر انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی اخلاص اور اعتماد پر استوار ہے۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کی امداد پر ترک حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ہر مشکل وقت میں بھرپور ساتھ دیا ہے۔
سپیکر ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ پنجاب میں ترک سرمایہ کاروں کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ پارلیمانی اور سفارتی روابط سے پاک ترک دوستی مزید مستحکم ہوئی ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ترک دوستی کی اہمیت نئی نسلوں تک منتقل کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ ترکیہ کے قونصل جنرل محمت ایمان شِمشیک نے کہا کہ پاک ترک عوام اخوت اور محبت کی گہری بنیاد رکھتے ہیں اور انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر تعاون مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔ ملاقات میں اراکین صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید خاں، ملک اعجاز، ملک تیمور خاں، پرنسپل سیکرٹری برائے سپیکر عماد حسین بھلی اور ایڈوائزر برائے سپیکر اسامہ خاور بھی موجود تھے۔