آپریشنز میں عام شہریوں کی ہلاکتیں، فوج اور عوام میں اعتماد متاثر ہورہا ہے، وزیراعلیٰ گنڈاپور
اشاعت کی تاریخ: 30th, July 2025 GMT
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے باجوڑ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف آپریشنز میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، فوج اور عوام کے درمیان اعتماد متاثر ہو رہا ہے۔
خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال، باجوڑ واقعے اور دہشتگردی کے خلاف حکومتی پالیسیوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس کے بعد وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ آج پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی تازہ صورتحال پر طویل غوروخوص کے بعد متفقہ فیصلے کئے گئے ہیں۔ ہم امن و امان کے حوالے سے گزشتہ دنوں منعقد آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں پر قائم ہیں، اور ہم سرکاری سطح پر ان فیصلوں پر عملدرآمد کی تیاریاں کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبے سے گُڈ طالبان کا خاتمہ کیا جائے گا، علی امین گنڈاپور
انہوں نے کہا کہ آج باجوڑ میں ایک افسوسناک واقعہ رونما ہوا، جس میں علاقے کے معصوم شہری شہید ہوئے۔ دہشتگردی کے خلاف آپریشنز میں شہریوں کے جانی نقصانات کے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ اس طرح کے واقعات سے فوج اور عوام کے درمیان اعتماد ختم ہو رہا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ عوامی اعتماد ختم ہونے کی وجہ سے ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ نہیں جیت پا رہے ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکار بھی ہمارے بچے ہیں۔ اور یہ بھی ہمیں اتنے ہی عزیز ہیں جتنے سویلینز۔ لیکن غلط پالیسیوں کی وجہ سے ان کی شہادتوں کی تکریم نہیں ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غلط پالیسیوں پر نظر ثانی ہونی چاہیے۔ ہم نے ضم اضلاع میں امن کے لیے جرگوں کے انعقاد کا شیڈول جاری کیا ہے۔ 10 دنوں میں مقامی سطح کے جرگوں کے بعد ایک گرینڈ جرگہ منعقد کیا جائے گا۔ ان جرگوں میں مقامی مشران، منتخب عوامی نمائندوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور تجاویز کی روشنی میں آگے کا لائحہ عمل اور بیانیہ تیار کیا جائے گا۔
ان جرگوں کی سفارشات اور فیصلوں کو سکیورٹی کے ذمہ داروں کے سامنے رکھ دیا جائے گا تاکہ موجودہ پالیسی پر نظر ثانی کی جائے۔
سردار علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم دہشتگردی کا خاتمہ چاہتے ہیں لیکن یہ عوام کے اعتماد کے ساتھ ہونا چاہیے۔ ہمیں ایکشن ان ایڈ آف سول پاور کے معاملے پر بھی تحفظات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن جماعتوں کا خیبرپختونخوا حکومت کی اے پی سی کا بائیکاٹ، علی امین گنڈاپور کا ردعمل
انہوں نے بتایا کہ یکم اگست کو اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا ہے جس میں دیگر معاملات کے علاوہ اس معاملے پر بحث کی جائے گی کہ اس سے فائدہ ہو رہا ہے یا نقصان؟
وزیراعلیٰ نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور عوام کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔ یہ ہمارا صوبہ ہماری مٹی ہے، ہمارے مشاورت کے بغیر ہم پر غلط فیصلے مسلط نہ کیے جائیں۔
انہوں نے عوام کو بھی پیغام دیا کہ عمران خان کی پارٹی، کارکنان اور ہماری حکومت عوام کے ساتھ ہے، ہم ان کے مسائل حل کرکے دم لیں گے۔
وزیراعلیٰ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ محکمہ داخلہ کی پیشگی اجازت کے بغیر کوئی بھی کرفیو یا دفعہ 144 نافذ نہیں کرے گا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
آپریشن باجوڑ پاکستان تحریک انصاف سردار علی امین گنڈاپور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: ا پریشن باجوڑ پاکستان تحریک انصاف سردار علی امین گنڈاپور وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور دہشتگردی کے خلاف نے کہا کہ اور عوام انہوں نے رہے ہیں عوام کے جائے گا
پڑھیں:
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بلوچستان میں پائیدار امن کے عزم کا اعادہ
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں اپنے منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قومی اتحاد، استحکام اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے اور یہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے محب وطن، باصلاحیت، باہمت اور ثابت قدم عوام ہی اس صوبے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد صوبے کی سماجی اور معاشی ترقی کو یقینی بنانا، عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تعاون سے بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی یہی مشترکہ کاوشیں صوبے میں پائیدار امن کی بنیاد بنیں گی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے اور یہ کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کی بدولت ہر قسم کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی اور ملکی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہیں گی۔