غزہ: قحط نما کیفیت میں ہلاکتوں اور بیماریوں میں اضافہ
اشاعت کی تاریخ: 30th, July 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 30 جولائی 2025ء) غذائی تحفظ کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کے لوگوں کو قحط کے بدترین خطرے کا سامنا ہے جہاں بڑے پیمانے پر خوراک کی قلت اور بیماریوں کے نتیجے میں بھوک سے متعلقہ اموات بڑھتی جا رہی ہیں۔
اقوام متحدہ کی سرپرستی میں غذائی تحفظ کے مراحل کی مربوط درجہ بندی (آئی پی سی) کے مطابق، حالیہ عرصہ کے دوران علاقے میں خوراک کے استعمال میں کمی آئی ہے اور تمام آبادی کو شدید غذائی قلت کا سامنا ہے جو قحط کی تین میں سے دو علامات ہیں۔
Tweet URLعالمی پروگرام برائے خوراک (ڈبلیو ایف پی) میں شعبہ ہنگامی اقدامات کے ڈائریکٹر راس سمتھ نے جنیوا میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ اپنی آنکھوں سے اور اپنی ٹیلی ویژن سکرینوں پر یہ تباہی برپا ہوتے دیکھ رہے ہیں۔
(جاری ہے)
یہ انتباہ نہیں بلکہ عملی اقدامات کی پکار ہے اور رواں صدی میں ایسے حالات پہلے کبھی نہیں دیکھے گئے۔بھوک سے بچوں کی ہلاکتیں'آئی پی سی' کے مطابق، غزہ میں ایک تہائی آبادی کئی روز فاقے کرنے پر مجبور ہے۔ ہسپتالوں پر بوجھ بڑھ گیا ہے جہاں اپریل کے بعد شدید غذائی قلت کا شکار 20 ہزار سے زیادہ بچوں کا علاج کیا گیا۔ وسط جولائی سے اب تک پانچ سال سے کم عمر کے کم از کم 16 بچے بھوک سے متعلقہ وجوہات کی بنا پر ہلاک ہو چکے ہیں۔
قبل ازیں، 'آئی پی سی' کے تجزیے میں کہا گیا تھا کہ ستمبر تک غزہ کی تمام آبادی کو تباہ کن درجے کے غذائی عدم تحفظ کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ماہرین نے بتایا ہے کہ کم از کم پانچ لاکھ لوگ اس درجے کی بھوک کا شکار ہو سکتے ہیں جس کے نتائج لاچاری اور پھر موت کی صورت میں سامنے آتے ہیں۔
غزہ میں جنگ، بمباری، تباہی اور نقل مکانی بدستور جاری ہے جہاں اب تک تقریباً 60 ہزار شہری ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 70 فیصد عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں۔
'آئی پی سی' نے تصدیق کی ہے کہ لوگ بڑے پیمانے پر نقل مکانی کر رہے ہیں اور 88 فیصد علاقے پر لوگوں کو انخلا کے احکامات دیے جا چکے ہیں۔نقل مکانی کا بحرانغزہ کی 21 لاکھ آبادی میں 90 فیصد لوگ ایک یا اس سے زیادہ مرتبہ نقل مکانی کر چکے ہیں۔ 18 مارچ کو جنگ بندی ختم ہونے کے بعد 762,500 افراد نے اپنے علاقوں سے انخلا کیا ہے۔
علاقے بھر میں امداد کی رسائی میں بہت سی رکاوٹیں حائل ہیں جہاں امدادی قافلوں کو مسلسل روکا اور لوٹا جا رہا ہے۔
اتوار کو اسرائیل نے اعلان کیا تھا کہ وہ غزہ میں امدادی سرگرمیوں کے لیے جنگ میں روزانہ وقفہ دے گا۔ اطلاعات کے مطابق، اتوار کو 100 سے زیادہ ٹرک امداد لے کر غزہ آئے تاہم اقوام متحدہ کے اداروں کا کہنا ہے کہ بے پایاں ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بہت بڑی تعداد میں امداد کی متواتر آمد ضروری ہے۔جنگ بندی کا مطالبہ'آئی پی سی' نے غزہ میں غیرمشروط اور فوری جنگ بندی، انسانی امداد کی بلارکاوٹ رسائی اور ضروری خدمات کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہنگامی اقدامات کے بغیر بڑے پیمانے پر اموات کا خدشہ ہے۔
غذائی تحفظ کے ماہرین نے شہریوں، امدادی کارکنوں اور پانی، نکاسی آب، سڑکوں اور ٹیلی مواصلات کے نظام کو تحفظ دینے کی اپیل بھی کی ہے۔
'ڈبلیو ایف پی' اور عالمی ادارہ اطفال (یونیسف) نے ایک مشترکہ انتباہ میں کہا ہے کہ علاقے میں شدید غذائی قلت اور متعلقہ اموات کے حوالے سے موثر معلومات کا حصول آسان نہیں کیونکہ غزہ کا طبی نظام تباہ ہو چکا ہے۔
.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے نقل مکانی آئی پی سی چکے ہیں
پڑھیں:
پاکستان: لڑکیوں کو رحم کے سرطان سے بچاؤ کی ویکسین مہم کا آغاز
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 16 ستمبر 2025ء) پاکستان میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) اور ویکسین الائنس (گاوی) کے اشتراک سے لڑکیوں کو رحم کے سرطان سے بچانے کے لیے 'ایچ پی وی' ویکسین مہم شروع کی گئی ہے جس کے ذریعے ایک کروڑ 14 لاکھ لڑکیوں کی زندگی کو اس بیماری سے تحفظ ملے گا۔
یہ مہم صوبہ پنجاب، سندھ، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج سے شروع کی گئی ہے جس میں 9 تا 14 سال عمر کی 90 فیصد لڑکیاں ویکسین لیں گی جو انہیں متاخر عمر میں سرطان سے بچاؤ میں مددگار ہو گی۔
Tweet URLیہ ویکسین مخصوص مراکز پر، سکولوں میں اور متحرک ویکسینیشن ٹیموں کے ذریعے مہیا کی جائے گی۔
(جاری ہے)
دور دراز علاقوں میں بھی ویکسینیشن مراکز قائم کیے گئے ہیں اور جن علاقوں میں اس مرض کا پھیلاؤ زیادہ ہے وہاں خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ یہ ویکسین تمام لڑکیوں کے لیے بلاقیمت دستیاب ہو گی۔مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حکومت نوعمر لڑکیوں کو رحم کے سرطان سے تحفظ دینے کا عزم رکھتی ہے۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی بیٹیوں اور بہنوں کو ویکسین کی فراہمی یقینی بنائیں۔ افسوسناک طور سے اس ویکسین کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ لوگ اس جھوٹ میں نہ آئیں کیونکہ یہ ویکسین محفوظ، موثر اور لڑکیوں کی صحت و زندگی کو تحفظ دینے کے لیے ضروری ہے۔رحم کے سرطان سے یقینی تحفظویکسین مہیا کرنے والے عالمی ادارے گاوی کے پاکستان میں اعلیٰ سطحی نمائندہ تھابانی مافوسا نے کہا ہے کہ ایچ پی وی ویکسین کی ایک ہی خوراک رحم کے سرطان سے تحفظ کے لیے کافی ہوتی ہے لیکن آج بھی ہر دو منٹ کے بعد ایک خاتون اس مرض کے باعث موت کے منہ میں چلی جاتی ہے۔
پاکستان میں چلائی جانے والی یہ مہم لاکھوں لڑکیوں کے لیے اپنی زندگیوں کو تحفظ دینے اور اپنے خوابوں کی تکمیل یقینی بنانے کا موقع ہے۔گاوی کی مدد سے دنیا بھر میں 60 ملین سے زیادہ لڑکیوں کو ایچ پی وی کے خلاف ویکسین دی جا چکی ہے۔ پاکستان میں شروع کیے گئے اس اقدام سے اتحاد کو رواں سال کے آخر تک کم آمدنی والے ممالک میں 86 ملین لڑکیوں کو ویکسین دینے کا ہدف حاصل کرنے میں مدد ملے گی اور اس طرح مستقبل میں مزید 14 لاکھ اموات کو روکا جا سکے گا۔
پاکستان میں یونیسف کی نمائندہ پرنل آئرن سائیڈ نے کہا ہے کہ آج پاکستان کی لڑکیوں اور نوعمر خواتین کی صحت و زندگی کو تحفظ دینے کے لیے اس مہم کی صورت میں تاریخی قدم اٹھایا گیا ہے۔ یونیسف کو آئندہ نسلوں کی صحت و مستقبل کی حفاظت کے لیے پاکستان کی حکومت، ڈبلیو ایچ او اور گاوی کے ساتھ کام کرنے پر فخر ہے۔
ملک میں 'ڈبلیو ایچ او' کے نمائندے ڈاکٹر ڈاپنگ لو نے کہا ہے کہ پاکستان میں روزانہ 8 خواتین رحم کے سرطان کے سبب ہلاک ہو جاتی ہیں۔ ایچ پی ویکسین مہم کی بدولت آئندہ دو سال کے دوران ایک کروڑ 70 لاکھ لڑکیوں اور خواتین کو تحفط ملے گا۔ یہ ایک محفوظ، سائنسی بنیاد پر تیار کردہ اور موثر ویکسین ہے جو طویل عرصہ سے 150 ممالک میں مہیا اور استعمال کی جا رہی ہے جن میں مسلم ملک بھی شامل ہیں۔ یہ اقدام تمام لڑکیوں، ان کے مستقبل کے خاندانوں اور پوری قوم کے بہتر مستقبل پر سرمایہ کاری کے مترادف ہے۔