بلوچستان، ناقص کارکردگی پر محکمہ خزانہ کے 13 ضلعی افسران معطل
اشاعت کی تاریخ: 1st, August 2025 GMT
سرکاری اعلامیہ کے مطابق متعدد بار مذکورہ افسران کو سختی سے ہدایات کے باوجود کارکردگی میں بہتری نہیں آئیں۔ جنہیں چیف سیکرٹری کے احکامات پر معطل کیا گیا۔ اسلام ٹائمز۔ محکمہ خزانہ نے چیف سیکرٹری بلوچستان کی ہدایات پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے حکم عدولی اور ناقص کارکردگی کی بنیاد پر 13 ضلعی خزانہ افسران کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق متعدد بار ان افسران کو سختی سے ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ وہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور سرکاری امور کو ذمہ داری سے انجام دیں، مگر اس کے باوجود ان کی کارکردگی میں بہتری دیکھنے میں نہ آ سکی۔ محکمہ خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی ضلعی خزانہ دفاتر میں نئے تعینات ہونے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے کیسز طویل عرصے سے بغیر کسی جواز کے التواء کا شکار تھے، جس کی وجہ سے ملازمین کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ محکمہ خزانہ نے ان افسران کے خلاف محکمانہ تحقیقات اور انضباطی کارروائی کی سفارشات چیف سیکرٹری کے دفتر ارسال کر دی ہیں، تاکہ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ حکومت کی جانب سے اس اقدام کو سرکاری اداروں میں احتساب اور شفافیت کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
.ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
حکومت بلوچستان کے پاس گندم کا ذخیرہ ختم، بحران کا خدشہ
محکمہ خوراک کے ذرائع کے مطابق صوبے میں سال 2024 سے 2025 کیلیے گندم کی تاحال خریداری نہیں کی گئی۔ اسلیے رواں سال گندم کی خریداری نہ ہونے سے بلوچستان میں گندم کا اسٹاک صفر ہوگیا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان میں محکمہ خوراک کے پاس گندم کا ذخیرہ ختم ہونے کے باعث گندم کا بحران شدت اختیار کرنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ محکمہ خوراک کے ذرائع کے مطابق صوبے میں سال 2024 سے 2025 کے لیے گندم کی تاحال خریداری نہیں کی گئی۔ اس لیے رواں سال گندم کی خریداری نہ ہونے سے بلوچستان میں گندم کا اسٹاک صفر ہوگیا ہے۔ ذرائع نے مقامی اخبار کو بتایا کہ کابینہ کی منظوری سے صوبے میں 2023 کا اسٹاک ریلیز کر دیا گیا ہے۔ تاہم بلوچستان میں ستمبر 2025 تا مارچ 2026 کے لیے محکمہ کے پاس گندم دستیاب نہیں ہے۔ موجودہ گندم بحران سے نمٹنے کیلئے بلوچستان حکومت کو سمری بھجوا دی گئی ہے۔ سمری میں پاسکو یا حکومت پنجاب سے 5 لاکھ بیگز گندم کی خریداری کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ بلوچستان کابینہ کی منظوری کے بعد گندم کی خریداری کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔