ایران اور پاکستان کے تعلقات میں نیا باب، صدر پزشکیان پاکستان کے لیے روانہ
اشاعت کی تاریخ: 2nd, August 2025 GMT
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان ہفتہ کی صبح پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر تہران سے لاہور روانہ ہو گئے۔
یہ دورہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی باقاعدہ دعوت پر ہو رہا ہے۔صدر پزشکیان ایک اعلیٰ سطحی سیاسی و اقتصادی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔
انہیں الوداع کہنے والوں میں ایران کے پہلے نائب صدر محمد رضا عارف، دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی کے سربراہ برائے بین الاقوامی تعلقات حجۃ الاسلام محسن قمی اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔
ایرانی صدر اپنے دورے کے دوران سب سے پہلے لاہور جائیں گے، جہاں وہ برصغیر کے ممتاز مفکر اور شاعر علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دیں گے۔ بعد ازاں وہ اسلام آباد روانہ ہوں گے۔
دورے کے دوسرے روز پاکستانی صدر اور وزیراعظم کی جانب سے باضابطہ استقبالیہ کے بعد صدر پزشکیان پاکستانی وزیراعظم، صدر، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔
اسلام آباد میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کے مطابق اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے حکام اہم معاہدوں پر دستخط کریں گے جن میں اقتصادی، تجارتی، ٹرانسپورٹ، ثقافتی تبادلے، کسٹمز، معیار، سرحدی تعاون اور سیاحت جیسے شعبے شامل ہیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
.ذریعہ: WE News
پڑھیں:
شہباز شریف کی دعوت پر ایرانی صدر آج دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان دو روزہ سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے۔ پڑوسی برادر ملک کے صدر کا یہ دورہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ ایرانی صدر پزشکیان کے ہمراہ وزیر خارجہ سید عباس عراقچی، سینئر وزراء اور اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔ پاکستان میں اپنے قیام کے دوران ایرانی صدر آصف زرداری سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے ساتھ وفود کی سطح پر بات بھی چیت دورے کا حصہ ہے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر پزشکیان کا بطور صدرِ ایران یہ پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے 26 مئی 2025ء کو ایران کا دورہ کیا تھا۔ ایرانی صدر کے اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات کے مزید فروغ کی توقع کی جا رہی ہے۔