امریکہ کیساتھ تیل نکالنے کا معاہدہ پاکستان کو مکمل طور پر امریکہ کی غلامی میں دینے کا معاہدہ ہے، پروفیسر ابراہیم
اشاعت کی تاریخ: 2nd, August 2025 GMT
جماعت اسلامی کے صوبائی امیر کا کہنا تھا کہ ملٹری اور سول اسٹبلشمنٹ معاہدے پر خوشیاں منا رہے ہیں لیکن معاہدہ پاکستان کے مفاد میں ہر گز نہیں ہے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں۔ اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا جنوبی پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تیل نکالنے کا معاہدہ پاکستان کو مکمل طور پر امریکہ کی غلامی میں دینے کا معاہدہ ہے۔ ملٹری اور سول اسٹبلشمنٹ معاہدے پر خوشیاں منا رہے ہیں لیکن معاہدہ پاکستان کے مفاد میں ہر گز نہیں ہے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں۔ امریکہ کو معدنیات تک رسائی کے لیے خیبر پختونخوا اور قبائلی اضلاع میں جنگ رچائی جا رہی ہے۔ خیبر پختونخوا کے عوام جنگوں اور فوجی آپریشنوں سے تنگ آ چکے ہیں۔ امریکی مفادات کے لیے خیبر پختونخوا میں آگ اور خون کا سلسلہ بند کیا جائے۔ لکی مروت کے علاقے سُربند اور شیخ خلہ میں آبادی پر ڈرون سے بم گرانے کے واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔ نوجوان اور بچوں کی شہادت افسوسناک ہے۔ معاشرے کی اصلاح، منشیات کی روک تھام اور دیگر فلاحی کاموں کے لیے جماعت اسلامی عوامی کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ جماعت اسلامی صرف سیاست تک محدود نہیں بلکہ ایک ہمہ گیر اصلاحی تحریک ہے جو عوام کی عملی رہنمائی اور خدمت کو اپنا فرض سمجھتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سگوٹہ سوات میں جماعت اسلامی ضلع بنوں کی سہ روزہ تربیت گاہ برائے ارکان و امیدواران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا جنوبی کے نائب امیر حاجی اختر علی شاہ، ضلع بنوں کے امیر مفتی عارف اللہ اور سیکرٹری جنرل اعجاز الحق سورانی نے بھی خطاب کیا۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ اسلامی شریعت اور نظام کا قیام ہم سب کا مطالبہ اور مقصد ہے، لیکن اس کے لیے بندوق اٹھانے اور تشدد کا راستہ اختیار کرنے کی حمایت نہیں کرتے، ہم پُر امن اور آئینی جد و جہد پر یقین رکھتے ہیں۔ ٹی ٹی پی بھی اسلامی نظام کے لیے تشدد کے بجائے آئینی راستہ اختیار کرے۔ انہوں نے سول و ملٹری اسٹبلشمنٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسلح گروہوں کے خلاف قرآنی آیات کا سہارا لینے کی بجائے ملک اور فوجی اداروں میں اسلامی نظام رائج کردیں تو یہ جھگڑا ہی ختم ہو جائے گا۔ پاکستان تب ہی اسلام کا قلعہ بنے گا جب اس قلعے کے اندر بھی اسلام کا نظام نافذ ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مسائل سے نکالنے کی صلاحیت جماعت اسلامی کے پاس ہے۔ عوام با صلاحیت لوگوں کو اسمبلیوں میں بھیجیں تاکہ ان کے مسائل حل ہو سکیں۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: معاہدہ پاکستان خیبر پختونخوا جماعت اسلامی کا معاہدہ کے لیے
پڑھیں:
خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 31 دہشتگرد ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کو بھی انجام تک پہنچایا جا سکے۔ سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں 31 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 13 اور 14 ستمبر کو خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی 2 مختلف کارروائیوں میں بھارت نواز دہشت گرد گروہ ’’فتنہ الخوارج‘‘ کے 31 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ ضلع لکی مروت میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا اور اس کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 14 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق اسی نوعیت کی ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی ضلع بنوں میں کی گئی، جس میں مزید 17 خوارج مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کو بھی انجام تک پہنچایا جا سکے۔ سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔