ایرانی صدر کا پاکستان میں آج مصروف ترین دن، معاہدوں، یادداشتوں پر دستخط ہوں گے
اشاعت کی تاریخ: 3rd, August 2025 GMT
برادر اسلامی ملک ایران کے صدر مسعود پزشکیان آج پاکستان میں مصروف ترین دن گزاریں گے، پاکستانی صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں ہوں گی، معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ اسلام آباد آمد کے بعد ایرانی صدر مسعود پزیشکیان آج باقاعدہ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کریں گے، وہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، وفود کی سطح پر بات چیت کی جائے گی، پاک ایران باہمی معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر مسعود پزشکیان صدر مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر ایاز صادق سے بھی ملاقاتیں کریں گے، ایرانی صدر کے اعزاز میں ظہرانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ایرانی صدر ایران اسرائیل جنگ میں پاکستان کی بھرپور حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کریں گے، ایرانی صدر نے دوران جنگ ایرانی پارلیمانی اجلاس میں بھی پاکستان کا شکریہ ادا کیا تھا، اس موقع پر ایرانی پارلیمانی اجلاس میں تشکر پاکستان کے نعرے بھی لگائے گئے تھے۔سفارتی ذرائع کے مطابق باہمی ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات کے مزید فروغ، پاک ایران باہمی توانائی و تجارت میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، پاک ایران سرحدی انتظام و سلامتی اور زائرین کے حوالے سے بھی بات چیت متوقع ہے۔۔واضح رہے کہ ملاقاتوں میں پاک ایران گیس پائپ لائن پر بات چیت بھی متوقع ہے، ایران کی جانب سے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے میں شمولیت و فعال کردار ادا کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
ایران اور پاکستان کا 10 ارب ڈالر سالانہ تجارتی ہدف، کئی ایم او یوز پر دستخط — شہباز شریف و مسعود پزشکیان کی مشترکہ پریس کانفرنس
وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے اور باہمی اعتماد کے فروغ پر زور دیا۔ اس موقع پر پاکستان اور ایران نے دو طرفہ تجارت کو 10 ارب ڈالر سالانہ تک لے جانے کا ہدف مقرر کرنے کا اعلان کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے اسرائیل پر حالیہ حملے کے بعد پیدا شدہ صورتحال پر پاکستان کے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ “پاکستان ایران کے اصولی مؤقف کے ساتھ کھڑا ہے اور پاکستانی عوام نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کی بھرپور مذمت کی ہے۔”
پریس کانفرنس کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کے مختلف شعبوں میں کئی مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کا اعلان کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ یہ ایم او یوز جلد مکمل معاہدوں کی شکل اختیار کریں گے۔
صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کے ساتھ گہرے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ باہمی تجارت، توانائی، انفراسٹرکچر اور سرحدی تعاون جیسے شعبوں میں ٹھوس پیش رفت ضروری ہے۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز تصور کیا جا رہا ہے، جو نہ صرف اقتصادی ترقی بلکہ خطے میں استحکام کے لیے بھی مثبت پیش رفت ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں