گوادر کے ساحلوں سے گلگت بلتستان کے پہاڑوں تک پولیس کا ہر افسر قوم کا فخر ہے، وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 4th, August 2025 GMT
اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گوادر کے ساحلوں سے گلگت بلتستان کے پہاڑوں تک پولیس کا ہر افسر قوم کا فخر ہے۔
یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کے دن ہم اپنی پولیس کے بہادر افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو ملک کے کونے کونے میں امن و امان کے قیام کے لیے موسمی حالات کی پروا کیے بغیر اپنے پیاروں سے دور فرض کی ادائیگی میں سرگرم عمل رہتے ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔ آج کے دن ہم اپنے شہدا کے ان عظیم اہل خانہ کو بھی سلام کرتے ہیں جو ہماری خاطر اپنا مستقبل قربان کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کی جنگ میں 8 ہزار سے زائد پولیس کے افسران و جوانوں نے ارض وطن کی خاطر اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا اور بطور فرنٹ لائن دفاعی فورس اپنے بچوں کو یتیم کرکے ملک کے لاکھوں بچوں کو یتیمی سے بچایا۔ حال ہی میں رحیم یار خان میں ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایلیٹ فورس کے 5 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، ان شہدا سمیت پولیس کے ہزاروں شہدا ہمارا فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پولیس نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا پوری دنیا میں لوہا منوایا اور حال ہی میں ورلڈ پولیس سمٹ 2025 میں بین الاقوامی سطح پر جیتے گئے میڈل و ایوارڈز اس چیز کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ شہری امن و امان کے قیام و جرائم کی مؤثر روک تھام کے لیے پولیسنگ میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال خوش آئند ہے جس سے شہریوں کی حفاظت مزید مؤثر اور یقینی بنائی جا سکے گی۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ چاروں صوبوں میں انسداد دہشت گردی فورسز کے قیام، افواجِ پاکستان و رینجرز کے ساتھ مشترکہ کاروائیوں و تعاون، قدرتی آفات و دیگر ہنگامی صورتحال میں پولیس کا کردار کلیدی رہا ہے جس کی بدولت شہریوں کا پولیس کے حوالے سے نقطہ نظر بہتر اور پولیس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
گزشتہ برسوں میں پولیس نے دہشت گردی کی جنگ میں سیکڑوں آپریشنز کے ذریعے دشمن کے پاکستان میں بد امنی اور شر انگیزی کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔ گوادر کے ساحلوں سے گلگت بلتستان کے فلک بوس پہاڑوں تک ملک کی حفاظت پر مامور پولیس کا ہر افسر جوان مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کرتے ہیں پولیس کا پولیس کے نے کہا
پڑھیں:
مقبوضہ کشمیر کی آزادی وقت کی ضرورت ہے، صدر مملکت آصف زرداری
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان نے 1947 میں جہاد کرکے پاکستان کے ساتھ الحاق کیا تھا اور اس خطے کی بہادری تاریخ کے صفحات میں ہمیشہ محفوظ رہے گی۔
گلگت بلتستان کے ڈوگرہ راج سے آزادی کے جشن کی تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ 1947 کی جنگ میں یہاں کے 1700 جوانوں نے قربانی دے کر اس خطے کے مستقبل کا فیصلہ کیا۔
صدر زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی وسائل، معدنیات اور سیاحت کی بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے، یہاں صحت اور تعلیم کی سہولیات وقت کی ضرورت ہیں اور ہر وادی میں اسکول قائم ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہاڑ اور علاقے ہمارا مشترکہ سرمایہ ہیں اور گلگت بلتستان کو اپنی ایئر لائن بھی ملنی چاہیئے۔
صدر مملکت نے بھارت میں مسلمانوں پر جاری ظلم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی انتہا کو پہنچ چکی ہے اور اب مقبوضہ کشمیر کی آزادی وقت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے مظالم بہت طویل عرصے سے جاری ہیں اور عالمی برادری کو اس صورتحال کا نوٹس لینا ہوگا۔
اپنے خطاب میں آصف علی زرداری نے سی پیک کو پاکستان کی ترقی کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا قابلِ اعتماد دوست ہے اور سی پیک فیز ٹو کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جب گلگت بلتستان ترقی کرے گا تو پاکستان خود بخود ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہوگا۔