پی ٹی آئی احتجاج؛ راولپنڈی میں سکیورٹی سخت، 10 اگست تک دفعہ 144 نافذ
اشاعت کی تاریخ: 5th, August 2025 GMT
راولپنڈی:
پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے تناظر میں وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہر راولپنڈی میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر میں 10 اگست تک دفعہ 144 نافذ ہے، جس کے تحت ہر قسم کی احتجاجی ریلیوں، لاؤڈ اسپیکر کے استعمال اور مظاہروں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
مری روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مریڑ چوک، لیاقت باغ، کمیٹی چوک، رحمان آباد، ڈبل روڈ اور فیض آباد جیسے حساس مقامات پر بھی اضافی فورس تعینات کی جائے گی جب کہ مختلف چوراہوں پر قیدی وین بھی کھڑی کر دی جائیں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو۔
اڈیالہ روڈ پر مختلف مقامات پر پولیس نے ناکے لگا دیے ہیں اور جیل کی جانب جانے والی ٹریفک کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔ اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 پر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ امن و امان کی صورت حال کو قابو میں رکھا جا سکے۔
واضح رہے کہ آج بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقاتوں کا دن بھی ہے، جس کے باعث سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ABN نیوز نے مبینہ جعلی بین الاقوامی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا
راولپنڈی(نیوز ڈیسک)راولپنڈی میں مبینہ طور پر جعلی بین الاقوامی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا انکشاف ہوا ہے، جس سے صحت کی جعلی دستاویزات پر خدشات بڑھ گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، اے بی این نیوز نے شہر میں کام کرنے والے مبینہ جعلی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ نیٹ ورک کا سراغ لگانے کا دعویٰ کیا ہے۔ نیٹ ورک پر افراد کو جعلی بین الاقوامی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا شبہ ہے۔
رپورٹ نے سرکاری صحت کے ریکارڈ کے غلط استعمال اور صحت عامہ اور بین الاقوامی سفری تعمیل کے لیے ممکنہ خطرات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
حکام سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ الزامات کی تحقیقات کریں گے اور اگر دعوے درست ثابت ہوئے تو ملوث پائے جانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔