حکومت اربعین کے لئے ایران اور عراق جانے والے زائرین کی سہولت کے لئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے، وزیردفاع
اشاعت کی تاریخ: 5th, August 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے قومی اسمبلی کو یقین دلایا ہے کہ حکومت اربعین کے لئے ایران اور عراق جانے والے زائرین کی سہولت کے لئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے، ایران اور عراق کے ہوائی اڈوں سے زائرین کے مطلوبہ مقامات تک آمدورفت کے لئے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔منگل کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ زائرین کی حفاظت اور سہولت اولین ترجیح ہے اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پورے سفر میں مناسب انتظامات کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے ایوان کو بتایا کہ حکومت نے سنگین سیکورٹی خدشات بالخصوص زائرین کے قافلوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد حملوں کے خطرے کے پیش نظر کوئٹہ سے 800 کلومیٹر کے راستے پر زمینی سفر پر پابندی لگا دی ہے، ان خطرات کو کم کرنے کے لئے وفاقی حکومت نے بلوچستان حکومت کو کوئٹہ سے براہ راست پروازیں چلانے کا اختیار دیا جس سے زائرین اپنی منزلوں تک ہوائی جہاز کے ذریعے محفوظ سفر کر سکیں گے۔(جاری ہے)
وزیر دفاع نے ایوان کو بتایا کہ ایسی ایک پرواز پہلے ہی شروع کی جا چکی ہے اور حکومت ضرورت کو پورا کرنے کے لئے مزید روزانہ دو پروازیں یا کم از کم ایک باقاعدہ سروس کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور عراق کے ہوائی اڈوں سے زائرین کے مطلوبہ مقامات تک آمدورفت کے لئے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلے چار دنوں میں اشتہارات شائع کئے گئے تھے جس میں نجی ہوائی کمپنیوں کو روٹ پر کام کرنے کی دعوت دی گئی تھی اور تمام لائسنس یافتہ نجی ایئر لائنز کو خدمات فراہم کرنے کی اجازت دی گئی تھی، زائرین کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو محفوظ طریقے سے سفر کرنے کے لئے چارٹرڈ پروازوں کی بھی منظوری دی گئی تھی۔خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد سڑک پر سفر کے حفاظتی خطرات سے بچتے ہوئے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے آپریٹرز پر زور دیا کہ وہ دی گئی اجازت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران بھی اس معاملے پر بات ہوئی تھی اور ایران نے پاکستانی زائرین کی نقل و حرکت میں سہولت کے لئے اضافی پرواز کی اجازت دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں ایوان اور پاکستان بھر کے لوگوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ حکومت تمام اربعین زائرین کے لئے محفوظ، آرام دہ اور بروقت آمدورفت کو یقینی بنانے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے انہوں نے کہا کہ ایران اور عراق زائرین کے زائرین کی کے لئے
پڑھیں:
امریکی دباؤ پر عراقی ترکمان گیس ڈیل ناکام، بجلی بحران مزید بڑھنے کا خدشہ
عراق کی ترکمانستان سے گیس خریدنے کی کوشش امریکی دباؤ کے باعث ناکام ہوگئی۔
اس معاہدے کے تحت ترکمانستان سے گیس ایران کے راستے عراق پہنچائی جانی تھی تاکہ ملک میں بجلی کی قلت کم ہو سکے، لیکن امریکا نے اس ڈیل کی منظوری دینے سے انکار کر دیا۔
عراقی وزیراعظم کے توانائی امور کے مشیر عادل کریم نے کہا کہ اگر یہ معاہدہ آگے بڑھایا گیا تو عراقی بینکوں اور مالیاتی اداروں پر امریکی پابندیاں لگ سکتی ہیں، اسی لیے فی الحال یہ معاہدہ معطل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ عراق پچھلی ایک دہائی سے اپنی بجلی کی بڑی ضرورتیں ایران سے گیس لے کر پوری کر رہا ہے۔ صرف 2024 میں ایران سے 9.5 ارب کیوبک میٹر گیس درآمد کی گئی۔ لیکن امریکی پابندیوں کے باعث ان سپلائی پر بھی خطرات منڈلا رہے ہیں۔
عراق کی بجلی کی طلب گرمیوں میں سب سے زیادہ بڑھ جاتی ہے اور روزانہ تقریباً 45 ملین کیوبک میٹر گیس درکار ہوتی ہے۔ ایران سے گیس نہ ملنے کے باعث ملک میں بجلی کی پیداوار میں تقریباً 3 ہزار میگاواٹ کی کمی آچکی ہے، جو تقریباً ڈھائی ملین گھروں پر اثر انداز ہوئی ہے۔
ترکمان ڈیل ناکام ہونے کے بعد عراق اب قطر اور عمان سے ایل این جی (LNG) درآمد کرنے کے منصوبے بنا رہا ہے اور اس کے لیے ایک فلوٹنگ ٹرمینل لیز پر لینے کی تیاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت نے ٹوٹل انر جیز، بی پی اور شیورون جیسی بڑی تیل و گیس کمپنیوں کے ساتھ منصوبوں پر بھی دستخط کیے ہیں تاکہ مستقبل میں اپنی گیس کی پیداوار بڑھائی جا سکے۔