ماڈل ٹاؤن میں پی ٹی آئی کارکنان کی پوری ریلی گرفتار، انتہائی مطلوب ملزم بھی ہاتھ آگیا
اشاعت کی تاریخ: 5th, August 2025 GMT
لاہور: ماڈل ٹاون پولیس نے پی ٹی آئی کی پوری ریلی کو روک کر تمام 28 کارکنان کو حراست میں لے لیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ماڈل ٹاؤن میں نکالی جانے والی پانچ اگست کی ریلی کی قیادت گجرات سے تعلق رکھنے والے رہنما ندیم بٹ کررہے تھے۔
پولیس نے ریلی کو روک کر اُس میں شریک تمام 28 افراد کو حراست میں لے لیا، گرفتار کیے گئے افراد میں کئی مقدمات میں نامزد مطلوب ملزم ندیم بٹ بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق کارکنان کے ڈالے ، ہاِئی ایس وین اور کاریں بھی قبضہ میں لے لیں جبکہ گرفتار کیے گئے افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔
پولیس کی جانب سے جاری کی گئی قیدیوں کی فہرست کے مطابق حراست میں لیے گئے کارکنان میں قمر رضا، سیف، مناف حنیف، احتشام، گجرات کے محمد حسین صفدر، حسن افضال، سرائے عالمگیر کے رہائشی ہارون رشید شامل ہیں۔
اس کے علاوہ محمد افضل، محمد اعظم، داؤد، جاوید اقبال، ندیم اختر، یاسر خان، قادر، غلام عباس، غلام مصطفی، محمد علی، طارق اقبال، بلاول ، نعمان احمد، احتشام ، وسیم عباس اور وسیم ارشد شامل ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
راولپنڈی؛ جادو ٹونے کیلیے 7سالہ بچی کی قبر کی بےحرمتی کرنے والا شخص گرفتار
راولپنڈی:دھمیال پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے 7 سالہ بچی کی قبر کی بے حرمتی کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔
دھمیال کے علاقے میں 7 سالہ بچی کی قبر کے قریب سے کفن ملنے کے واقعے پر اہم پیشرفت ہوئی۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے جادو ٹونے کے لیے بچی کی قبر کو کھودا اور پھر دوبارہ قبر تیار کی۔
واقعے کی اطلاع پر پولیس نے فوری رسپانڈ کرتے ہوئے قبر کشائی کروائی تھی، بظاہر لاش کی بے حرمتی کے شواہد سامنے نہیں آئے تاہم فرانزک رپورٹس کی روشنی میں حتمی تعین ہو سکے گا۔
قبر کشائی کے بعد فرانزک شواہد حاصل کیے گئے تھے اور ملزم کی گرفتاری ایک چیلنج تھا، جس کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔
پولیس نے انتھک محنت سے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس ذرائع استعمال کر کے ملزم کو گرفتار کیا، فرانزک رپورٹس اور تفتیش کی روشنی میں ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے گا۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق قبیح اور گھناؤنے فعل میں ملوث ملزم کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔