پتوکی، زہریلا کھانا کھانے سے ماں اور بیٹا جاں بحق، دو بچوں کی حالت تشویشناک
اشاعت کی تاریخ: 6th, August 2025 GMT
پتوکی کے نواحی علاقے حبیب آباد میں زہریلا کھانا کھانے سے ایک ہی خاندان کے دو افراد جاں بحق جبکہ دو بچے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 35 سالہ خاتون فرح اور اس کا چار سالہ بیٹا حاشر شامل ہیں جن کی موت مبینہ طور پر کھانے میں شامل کسی زہریلے مادے کے باعث واقع ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کا سربراہ افتخار سعودی عرب میں محنت مزدوری کے سلسلے میں مقیم ہے جب کہ گھر میں موجود افراد نے کھانے کے بعد طبیعت خراب ہونے کی شکایت کی۔
واقعے میں متاثرہ دیگر دو بچوں کی شناخت 10 سالہ بلاج اور 8 سالہ حذیفہ کے طور پر ہوئی ہے۔
ابتدائی طور پر دونوں بچوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پتوکی منتقل کیا گیا، تاہم تشویشناک حالت کے پیش نظر انہیں فوری طور پر جناح ہسپتال لاہور ریفر کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کھانے میں ایسا کیا موجود تھا جس سے خاندان کے افراد کی حالت بگڑی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ٹیسلا نے بچوں کے لیے نئی بیلنس بائیک متعارف کرا دی، قیمت کتنی ہے؟
اسلام آباد: معروف امریکی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا نے 2 سے 5 سال عمر کے بچوں کے لیے نئی بیلنس بائیک متعارف کرا دی ہے، جسے جدید ڈیزائن اور ہلکے وزن کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ ٹیسلا بچوں کی بیلنس بائیک مضبوط مگر ہلکے میگنیشیم فریم پر مشتمل ہے، جبکہ اس میں بچوں کی سہولت کے لیے ایڈجسٹ ہونے والی نشست بھی دی گئی ہے۔ بائیک کے سائیڈ پر ٹیسلا کا نام اور سامنے نمایاں T لوگو بھی موجود ہے۔
یہ بائیک روایتی سائیکل سے مختلف ہے کیونکہ اس میں نہ پیڈل موجود ہیں، نہ موٹر اور نہ ہی بریک۔ بچے اپنے پیروں کی مدد سے اسے چلاتے ہیں، جس سے ان میں توازن برقرار رکھنے اور سائیکل چلانے کی بنیادی مہارت پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے۔
کمپنی نے اس منفرد بائیک کی قیمت 225 امریکی ڈالر مقرر کی ہے، جو عام بیلنس بائیکس کے مقابلے میں زیادہ ہے، کیونکہ مارکیٹ میں ایسی بیشتر بائیکس تقریباً 100 ڈالر میں دستیاب ہوتی ہیں۔
قیمت نسبتاً زیادہ ہونے کے باوجود یہ بائیک فروخت کے آغاز کے فوراً بعد آؤٹ آف اسٹاک ہو گئی، جس سے صارفین کی غیر معمولی دلچسپی ظاہر ہوتی ہے۔
ٹیسلا کے مطابق نئی کھیپ کے لیے 31 جولائی سے پری آرڈر دوبارہ شروع کیے جائیں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ بائیک 2 سے 5 سال عمر کے بچوں کے لیے موزوں ہے۔ اس کے استعمال کے لیے بچے کی ٹانگ کی کم از کم لمبائی 13.7 انچ (35 سینٹی میٹر) ہونی چاہیے، جبکہ تجویز کردہ زیادہ سے زیادہ وزن 30 کلوگرام اور قابل برداشت زیادہ سے زیادہ وزن 35 کلوگرام رکھا گیا ہے۔
ٹیسلا نے یہ بھی بتایا کہ بائیک کی اسمبلنگ کے لیے درکار تمام ضروری اوزار پیکج میں شامل ہوں گے، جبکہ صارفین کو مکمل ہدایات پر مشتمل استعمال کا کتابچہ بھی فراہم کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق بچوں کی مصنوعات کی مارکیٹ میں ٹیسلا کی یہ نئی پیشکش کمپنی کی برانڈ توسیع کی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کے ذریعے وہ گاڑیوں کے علاوہ دیگر صارفین کی مصنوعات میں بھی اپنی موجودگی مضبوط بنا رہی ہے۔