کراچی؛ مسلح ملزمان نے پولیس اہلکار سے سرکاری اسلحہ چھین لیا
اشاعت کی تاریخ: 10th, August 2025 GMT
کراچی:
سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے سے ملزمان اسلحے کے زور پر پولیس اہلکار سے سرکاری ایس ایم جی اور سیکیورٹی گارڈ سے موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق پولیس اہلکار سائٹ سپرہائی وے میں ایک فیکٹری پر دیگر سیکیورٹی گارڈز کے ساتھ تعینات تھا جہاں کار سوار ملزمان نے پتا پوچھنے کے بہانے اہلکار کو قریب بلایا۔
حکام نے بتایا کہ اسلحے کے زور پر اہلکار سے ان کا سرکاری اسلحہ چھینا اور فرار ہوگئے اور ملزمان نے سیکیورٹی گارڈ سے موبائل فون بھی چھین لیا۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
نیو کراچی میں گھریلو جھگڑے کے بعد خاتون کی خود سوزی، دورانِ علاج دم توڑ گئی
کراچی:شہر قائد کے نیو کراچی نمبر 6 میں پارک کے قریب خود کو آگ لگا کر خود سوزی کرنے والی 50 سالہ خاتون فردوس زوجہ عرفان، دورانِ علاج سول اسپتال کے برنس وارڈ میں دم توڑ گئی۔
خاتون 90 فیصد تک جھلس چکی تھی اور ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں کے باوجود جانبر نہ ہو سکی۔
واقعے کے فوری بعد ریسکیو ادارے چھیپا کے رضا کاروں نے خاتون کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال منتقل کیا تھا جہاں وہ گزشتہ روز سے زیرِ علاج تھیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعے کی وجہ گھریلو تنازع بتائی جا رہی ہے۔
ایس ایچ او نیو کراچی رضوان قریشی نے بتایا کہ خاتون کی نند نے پولیس کو ابتدائی بیان میں بتایا کہ میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد فردوس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔
پولیس نے شوہر عرفان سمیت دیگر اہل خانہ، عینی شاہدین اور اہلِ محلہ سے بیانات لینے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
پولیس واقعے کی مکمل تفتیش کر رہی ہے تاکہ اصل محرکات کا تعین کیا جا سکے۔ متوفیہ کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔