فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ’ہلال جرات‘ سے نوازا گیا
اشاعت کی تاریخ: 14th, August 2025 GMT
تصویر، اسکرین گریب
ایوان صدر میں سول و عسکری شخصیات کو اعلیٰ اعزازات دینے کی پُروقار تقریب ہوئی۔
اس موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو اعزازات دیے۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف بھی موجود تھے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو انتہائی مشکل حالات میں فوج کی بہترین قیادت کرنے پر ’ہلال جرات‘ سے نوازا گیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد کو ’نشان امتیاز‘ عطا کیا گیا جبکہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کو ’ہلال جرات‘ سے نوازا گیا۔
علاوہ ازیں سفارتی سطح پر پاکستان کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑنے پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو بھی اعزاز سے نوازا گیا، سندھ طاس معاہدے پر بھرپور مؤقف اپنانے پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔
بھارت کی بلااشتعال جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر وزیر دفاع خواجہ آصف کو ’نشان امتیاز‘ اور معرکہ حق میں اطلاعات کی بہترین ترسیل پر وزیر اطلاعات عطا تارڑ کو ’نشان امتیاز‘ سے نوازا گیا۔
داخلی محاذ پر بہترین یکجہتی اور امن قائم رکھنے پر وزیر داخلہ محسن نقوی کو بھی ’نشان امتیاز‘ سے نوازا گیا۔
علاوہ ازیں پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر بلاول بھٹو زرداری کو ’نشان امتیاز‘ سے نوازا گیا۔ انہوں نے بھارت کی مکارانہ سازشوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا تھا۔
قومی اتفاق رائے اور سیاسی ہم آہنگی قائم کرنے میں اہم کردار پر معاون خصوصی رانا ثنا اللہ کو ’نشان امتیاز‘ دیا گیا۔
ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: سے نوازا گیا نشان امتیاز
پڑھیں:
بھارت نےجنگ مسلط کی تو پاکستانی سپاہی اللہ کی راہ میں نکلے جس میں اللہ تعالی نےسرخرو کیا، فیلڈ مارشل
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اگر دشمن نے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اسی طرح جواب دیں گے جیسے مئی میں دیا تھا۔
فیلڈ مارشل نے ایوان صدر میں اردن کے بادشاہ کے جانے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح نبی کریم ﷺکو اللہ نے کامیابی دی، اسی طرح ہمارے لوگوں کو کامیابی دی۔
عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان پر جب مئی کے مہینے میں جنگ آئی، پاکستان کے سپاہی اللہ کی راہ میں نکلے تھے، جنگ میں اللہ تعالی نے پاکستان کو سرخرو کیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اوردشمن نے اگر پاکستان پرجنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اسی طرح جواب دیں گے جیسے مئی میں دیا تھا۔
عاصم منیر نے کہا کہ جس طرح غزوہ احد میں مٹی ڈالنے سے فتح حاصل ہوئی تھی، اس طرح پاکستان کے سپاہیوں نے مقابلہ کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ اللہ نے فتحیاب کیا ہے یہ کامیابی اللہ کی طرف سے ہے، مسلمان جب اللہ پر بھروسہ کرتا ہے تو دشمن پرپھینکی مٹی کوبھی میزائل بنادیتا ہے۔
اس دوران لوگوں نے فیلڈ مارشل کو خراج تحسین پیش کیا جب کہ فیلڈ مارشل نے غزوہ احد کا حوالہ دیا۔
قرآنی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف جس طرح دشمنوں کی تعداد بڑھی تھی تو وہ مٹی بھی ان کی آنکھوں کو بند کر دیتی تھی۔