جمہوریت کی حفاظت کیلئے فیصلہ کن جنگ لڑیں گے، راہل گاندھی
اشاعت کی تاریخ: 14th, August 2025 GMT
کانگریس رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ کانگریس اور اسکے اتحادی بہار کی سرزمین سے ووٹ چوری کے خلاف براہ راست جنگ شروع کررہے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی 17 اگست سے بہار کی سر زمین سے "ووٹ ادھیکار یاترا" کا آغاز کریں گے۔ یہ یاترا باضابطہ طور پر ساسارام کے ریلوے میدان سے ایک عوامی جلسے کے ساتھ شروع ہوگی اور یکم ستمبر کو پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں عوامی جلسہ کے ساتھ اختتام پذیر ہوگی۔ اس مہم کا مقصد ووٹ چوری کے خلاف عوامی بیداری پیدا کرنا اور صاف و شفاف ووٹر لسٹ کو یقینی بنانا ہے۔ یہ یاترا کانگریس کے علاوہ بہار میں "انڈیا" اتحاد کے دیگر اہم اتحادیوں کی شمولیت کے ساتھ انجام پائے گی۔ راہل گاندھی کے ساتھ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما اور سابق نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو سمیت مختلف جماعتوں کے بڑے قائدین شریک ہوں گے۔
راہل گاندھی نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ کانگریس اور اس کے اتحادی بہار کی سرزمین سے ووٹ چوری کے خلاف براہ راست جنگ شروع کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ صرف ایک انتخابی مسئلہ نہیں بلکہ جمہوریت، آئین اور "ون مین، ون ووٹ" کے اصول کی حفاظت کا فیصلہ کن جنگ ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ 17 اگست سے ووٹ ادھیکار یاترا کے ساتھ ہم بہار سے ووٹ چوری کے خلاف جدوجہد کا آغاز کر رہے ہیں، ہم پورے ملک میں صاف اور درست ووٹر لسٹ تیار کروا کے ہی دم لیں گے۔ انہوں نے اپیل کی کہ نوجوان، مزدور، کسان، ہر شہری اٹھے اور اس عوامی تحریک کا حصہ بنے، اب کی بار، ووٹ چوروں کی ہار، عوام کی جیت، آئین کی جیت۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ یہ مہم بہار تک محدود نہیں رہے گی بلکہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی اس طرز کی عوامی بیداری مہم چلائی جائے گی تاکہ ووٹر لسٹ سے فرضی نام نکالے جا سکیں اور حقیقی اہل ووٹروں کا اندراج یقینی بنایا جا سکے۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: راہل گاندھی کے ساتھ سے ووٹ
پڑھیں:
اسحاق ڈار ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس کیلئے کرغزستان پہنچ گئے
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم ایس سی او وزرائے خارجہ کے غیر رسمی عشائیے میں شرکت کریں گے اور رکن ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اسلام ٹائمز۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان کے شہر چولپون آتا پہنچ گئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چولپون آتا پہنچنے پر کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ کیرات تورسنکولوف نے نائب وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کرغزستان میں پاکستان کے سفیر التمش وزیر اور ایس سی او کے لیے قومی رابطہ کار ڈاکٹر محمد فیصل بھی موجود تھے۔ ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم ایس سی او وزرائے خارجہ کے غیر رسمی عشائیے میں شرکت کریں گے اور رکن ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقاتوں میں کل ہونے والے ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے ایجنڈے پر بھی بات چیت کی جائے گی۔