اپنے سپہ سالار بھائی فیلڈ مارشل کو خراج تحسین، عوام کی زندگی میں بہتری کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑونگی: مریم نواز
اشاعت کی تاریخ: 15th, August 2025 GMT
لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نواز نے یادگار معرکہ حق، میوزیم اور پارک پراجیکٹ کی نقاب کشائی کی تقریب سے خطاب میں کہا میں وعدہ کرتی ہوں کہ عوام کی زندگی میں بہتری لانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑوں گی۔ عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو غربت سے آزاد کرانے کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اب غربت اور جہالت کے خلاف جنگ لڑیں گے۔ ملک کو بہتر بنانے کی جنگ ہوگی۔ فتنہ وفساد کے خلاف جنگ ہوگی۔ جنگ جیتنے کے لئے جنگی سازوسامان نہیں بلکہ اللہ پر غیر متزلزل ایمان ضروری ہے۔ پاک فضائیہ نے جے ایف تھنڈر، رافیل مار گرائے تو کسی کو یقین نہیں آرہا تھا۔ سیاسی طورپر تقسیم ہو کر لڑتے تو کبھی جنگ نہ جیت پاتے۔ معرکہ حق سے دنیا جان گئی کہ بنیان مرصوص کا مطلب کیا ہوتا ہے۔ لیپ ٹاپ سکیم کے لئے کالجز میں جا کر سمجھ آیا ’’یہ وطن تمہارا ہے، تم ہو پاسباں اس کے‘‘۔ پوری قوم نے متحد اور یک جان ہو کر سیسہ پلائی دیوار کھڑی کردی۔ دشمن کے رافیل طیارے گرانے والوں کوقوم سلام پیش کرتی ہے۔ اپنے سپہ سالار بھائی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے وار ٹائم لیڈرشپ کا اعلیٰ مظاہرہ کر کے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔ آزادی کا یہ دن پاکستانی قوم کے نام ہے۔ پوری قوم سیسہ پلائی دیوارکی طرح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ یوم آزادی ان ماؤں کے نام جو ماتھا چوم کر بیٹوں کو میدان جنگ میں بھیجتی ہیں۔ جوان بیٹوں کو رخصت کرنے والی ماؤں کو قوم، نوازشریف اور میں سر جھکا کر سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اپنے سہاگ وطن کے لئے پیش کرنے والی بیٹیوں کو سلام کرتے ہیں۔ دفاع وطن کے لئے یتیمی کا تاج سر پر سجانے والے بچوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ آزادی کا دن وطن کے ان بیٹوں کے نام جنہوں نے خون دے کر وطن کی حفاظت کی۔ یوم آزادی کو سرحدوں پر دلیری سے لڑنے والے غازیو ں کے نام کرتے ہیں۔ ہر سال یوم آزادی مناتے ہیں مگر معرکہ حق کی وجہ سے اس سال مزہ ہی اور ہے۔ آج کا دن دشمن کے حملوں کا منہ توڑ جواب دینے والے جانبازوں کے نا م ہے۔ آج کا دن افواج پاکستان کی لیڈرشپ، افسروں اور جوانوں کے نام ہے۔ ملک کو ایٹمی طاقت بنا کر دفاع کو نا قابل تسخیر بنانے والے نوازشریف کے نام ہے۔ سب سے درخواست کرتی ہوں کہ آج وطن کو عظیم سے عظیم تر بنانے کا عزم کر کے اٹھیں۔ مزدور، کسانوں، ٹیچر، طلبہ اور سیاستدانوں کو کہنا چاہتی ہو ں کہ سیاسی مخالفت ایک طرف وطن کو مقدم رکھیں۔ ملک و قوم کی خدمت کا اعزاز ہرکسی کے نصیب میں نہیں ہوتا۔ بڑا عہدہ مل جائے نیت اچھی نہ ہو تو رسوائی ہوتی ہے۔ 2018ء سے شروع ہونے والے تنزلی کا سفر ختم ہوا ہے۔ یہ مٹی بہت زرخیز ہے، تھوڑا سا پانی اور تھوڑی سی محنت مانگتی ہے۔ پاکستان نے اپنے سے 4گنا بڑی طاقت کو جذبے کے ساتھ شکست دی۔ دعا ہے کہ پاکستان تا ابد آباد رہے، ہم اپنی زندگی میں رفعتوں کو چھوتا دیکھیں۔ وزیراعلی پنجاب کا منفرد اور اختراعی اقدام۔ پنجاب میں یادگار معرکہ حق، پارک اور میوزیم بنے گا۔ پراجیکٹ کی با ضابطہ نقاب کشائی کی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ ’’پاکستان ہمیشہ زندہ باد‘‘- الحمدللہ رب العالمین! قوم کو 78 واں یوم آزادی مبارک ہو۔ وزیراعلیٰ نے جشن آزادی پر تشکر، اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان جیسی بے مثال سر زمین عطا کرنے پر اللہ کریم کا شکر بجا لاتے ہیں۔ ہم آزادی کا دن مناتے ہوئے لاکھوں شہداء کو کیسے بھول سکتے ہیں۔ یوم آزادی پر ہمیں بحیثیت پاکستانی اپنا احتساب کرنا ہوگا، پاکستان نے ہمیں عزت اور آزادی دی ہم نے ملک کو کیا دیا؟۔ قبل ازیں یوم آزادی پر پنجاب بھر میں جشن کی نئی تاریخ رقم ہو گئی۔ تمام 41 اضلاع میں بیک وقت آتش بازی اور لیزر شوز کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا ہے۔ وزیراعلی کی ہدایت پر تمام اضلاع میں 78 ویں یوم آزادی پر خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: یوم ا زادی معرکہ حق کرتے ہیں ں کے نام کے لئے
پڑھیں:
پاکستان کے اسلامی تشخص کو مٹانے کیلئے کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے، کاشف سعید شیخ
اپنے پیغام میں جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے کہا کہ آج قوم بے انتہا مشکلات سے دوچار اور ملک اغیار کی غلامی میں جکڑ چکا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان محض ایک ملک کا نہیں بلکہ ایک نظریے، فکر و فلسفہ کا نام ہے، عوام نظریہ پاکستان اور ملک کے اسلامی تشخص کو مٹانے کیلئے کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، کیونکہ پاکستان کا ایک مقصد تھا، پاکستان حقیقی معنوں میں ایک اسلامی ریاست نہیں بن سکا، یہاں کے لوگوں کو عدل و انصاف نہیں ملا، یہاں کے بچوں کو تعلیم نہیں ملی اور نہ ہی نوجوانوں کو ان کی قابلیت پر میرٹ کی بنیاد پر روزگار ملا، کیونکہ 78 برس سے اس ملک پر انگریزوں کے ایجنٹوں نے حکومت کی، سیاسی و معاشی دہشتگردوں نے اس ملک کو جغرافیائی و نظریہ کے لحاظ سے تباہ کیا، اپنے ہی ملک میں لوگ مہاجر بنا دیئے گئے ہیں، حمودالرحمان کمیشن کے مطابق ملک کو تقسیم کرنے والوں کو عبرت ناک سزائیں دی جاتیں تو آج وطن عزیز کے یہ حالات نہ ہوتے۔
78ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام کاشف سعید شیخ نے کہا کہ آج ایک بار پھر اپنے اس عزم کو دھرانا ہے کہ پاکستان کو اسلامی، خوشحال اور مدینہ منورہ کی طرز پر ایک اسلامی ریاست بنا کر بانی پاکستان قائداعظمؒ کا خواب شرمندہ تعبیر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ منورہ کے بعد پاکستان دنیا کی پہلی ریاست تھی جو کہ اسلام و کلمہ طیبہ کے نام پر معرض وجود میں آئی، مگر بدقسمتی یہ ہے کہ ملک پر برسراقتدار آنے والے حکمران ٹولے و مفاد پرست جرنیلوں نے اس ملک پر حکومت کی، جبکہ ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں نے مل کر اس ملک کو لوٹا، ان لوگوں نے ہمیشہ اپنے اقتدار کو طول اور مفادات کی تکمیل کیلئے قرارداد مقاصد کو فراموش کر دیا، جس کی وجہ سے آج قوم بے انتہا مشکلات سے دوچار اور ملک اغیار کی غلامی میں جکڑ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں نہ عدل ہے، نہ انصاف، نہ تعلیم، نہ صاف پانی ہے، یہاں رزق حلال اور انصاف کے دروازے بند ہیں۔
کاشف سعید شیخ نے کہا کہ کلمہ طیبہ کے نام سے حاصل ہونے والے ملک میں اللہ کے گھروں مساجد کو شہید، سودی نظام معیشت کے ذریعے اللہ کے عذاب کو دعوت دی جا رہی ہے، اللہ نے اس ملک میں سب کو موقع دیا، سب نے حکومتیں کیں، مگر ہر بار ان لوگوں نے قوم کو مایوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس ملک میں کرپشن فری پاکستان مہم اور شریعت کے نفاذ کیلئے جدوجہد کر رہی ہے، تاکہ پاکستان حقیقی معنی میں ایک اسلامی، فلاحی اور جمہوری ریاست بن سکے، اس لیے اب قوم سے درخواست کرتے ہیں کہ اس ملک کو حقیقی اسلامی ریاست بنانے کیلئے جماعت اسلامی کو موقع دیں۔