حافظ آباد: دیرینہ دشمنی پر پولیس اہلکار سمیت 3 افراد قتل، لاشیں بھی جلادی گئیں
اشاعت کی تاریخ: 17th, August 2025 GMT
حافظ آباد میں دیرینہ دشمنی پر مخالفین نے کار پر فائرنگ کرکے پولیس اہلکار سمیت 3 افراد کو قتل کرنے کے بعد لاشیں جلادیں، آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او حافظ آباد سے فوری رپورٹ طلب کرکے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔
اسد اللہ پور کے قریب گھات لگائے مخالفین نے کار پرفائرنگ کی، فائرنگ کے نتیجے میں کار سوار سرکاری ملازم سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ملزمان نے قتل کرنے کے بعد مقتولین کی لاشیں جلادیں، پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں محمد حسین اور ان کا بھتیجا عثمان اور پولیس کانسٹیبل شہزاد شامل ہے۔
مقتول شہزاد حسن حال ہی میں پولیس فورس سے پیرا فورس میں منتقل ہوا تھا، فائرنگ کے بعد ملزمان نے گاڑی کو نذرِ آتش کیا، جس سے لاشیں اس قدر جھلس گئیں کہ شناخت کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری ہسپتال منتقل کر دیا۔
ترجمان پولیس حافظ آباد ارسلان حسن کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ یہ تہرہ قتل دیرینہ دشمنی کا نتیجہ ہے، فریقیں میں قتل کی وجہ سے کشیدگی تھی، حملہ انتقام کے طور پر کیا گیا اور ملزمان واقعے کے بعد فرار ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ونیکے تارڑ کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور مدعی محمد عنایت کی شکایت پر تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302 (قتل)، 201 (جرم چھپانے کی کوشش)، 436 (آگ زنی)، 109 (معاونت جرم)، 148 (ہتھیار کے ساتھ فساد)، اور 149 (گروہی جرم) کے تحت مقدمہ نمبر 647/25 درج کرلیا، مقدمے میں 8 نامزد اور 4 نامعلوم ملزمان سمیت کل 12 افراد کو شامل ہے، جن میں ایک خاتون ملزمہ بھی شامل ہے۔
ڈی پی او حافظ آباد عاطف نذیر کی قیادت میں ایس پی انوسٹی گیشن اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور گولیوں کے خول، گاڑی کے ڈھانچے کے نمونے سمیت اہم شواہد اکٹھے کیے،ڈی پی او نے بتایا کہ گاڑی کو آگ لگنے کی وجہ سے لاشیں جھلس گئیں، لیکن فرانزک ٹیموں کی مدد سے مزید شواہد حاصل کیے جا رہے ہیں،
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اس سنگین واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی، انہوں نے ڈی پی او حافظ آباد کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا اور واضح کیا کہ کسی بھی ملزم کو قانون سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔
پولیس ترجمان ارسلان حسن نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، ڈی پی او عاطف نذیر نے یقین دہانی کرائی کہ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
Post Views: 5.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: حافظ آباد ڈی پی او کے بعد
پڑھیں:
کراچی: میاں بیوی پر بہیمانہ تشدد کرنے والے 2 ملزمان مبینہ پولیس مقابلے کے بعد گرفتار
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی نے کہا ہے کہ کراچی میں میاں بیوی پر بہیمانہ تشدد کرنے والے دو ملزمان کو اقبال مارکیٹ پولیس نے مبینہ پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کر لیا۔
دو روز قبل ولایت علی کالونی میں گھر کے اندر میاں بیوی پر تیز دھار آلے اور پتھر سے حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 45 سالہ فیروزہ زوجہ مرشد اور 50 سالہ مرشد ولد جلال خان شدید زخمی ہو گئے تھے۔
پولیس نے رات گئے کارروائی کے دوران ملزم سہیل عرف اسلم کو زخمی حالت میں جبکہ اکرم عرف لنگڑا کو بغیر زخمی کیے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں اور ان کے خلاف ڈکیتی، اسلحہ اور موٹرسائیکل چوری کے مقدمات پہلے سے درج ہیں، جبکہ ان کے زیر استعمال برآمد ہونے والا موبائل فون اور موٹرسائیکل بھی اسلحے کے زور پر چھینی گئی تھی۔
تفتیش کے مطابق مضروبہ نے کچھ عرصہ قبل اپنا مکان ملزم اکرم کو کرائے پر دیا تھا، تاہم کرائے اور یوٹیلیٹی بلوں کی ادائیگی پر دونوں فریقین کے درمیان تنازع چل رہا تھا، خاتون نے مکان خالی کروانے اور بقایا جات کی وصولی تک کرائے دار کا سامان گھر میں تالا لگا کر روک رکھا تھا، جس پر ملزم اکرم مشتعل ہو گیا اور اپنے بہنوئی سہیل عرف اسلم کے ساتھ مل کر میاں بیوی پر حملہ کر دیا۔
ملزمان نے تیز دھار آلے اور پتھر کے وار کرکے دونوں میاں بیوی کو تشدد کا نشانہ بنایا، جو تاحال زیر علاج ہیں، پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر جائے وقوعہ سے تشدد میں استعمال ہونے والا پتھر بھی برآمد کر لیا ہے۔
واقعے کا مقدمہ زخمیوں کے بیٹے محمد شکیل کی مدعیت میں تھانہ اقبال مارکیٹ میں درج ہے۔