راوی میں ممکنہ سیلاب، کمشنر لاہور کا رات گئے ہنگامی دورہ، تمام ادارے ہائی الرٹ
اشاعت کی تاریخ: 28th, August 2025 GMT
لاہور:
دریائے راوی میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر کمشنر لاہور محمد آصف بلال لودھی کی زیر نگرانی ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے ہنگامی بنیادوں پر متحرک ہیں۔
رات گئے کمشنر لاہور نے راوی کنارے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور کیمپس کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اس وقت راوی میں پانی کا بہاو ایک لاکھ تین ہزار کیوسک ہے جبکہ صبح 9 سے 10 بجے کے دوران ایک لاکھ ساٹھ ہزار کیوسک تک پہنچنے کا امکان ہے۔ تاہم، صورتحال تاحال کنٹرول میں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دریائے راوی کی گنجائش 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک ہے، اس لحاظ سے فی الحال خطرے کی کوئی فوری صورتحال نہیں۔
کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ راوی بیڈ سے مکمل انخلاء مکمل ہوچکا ہے، جبکہ قریبی علاقوں سے انخلاء کا عمل تیزی سے جاری ہے، اب تک 500 سے زائد خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
کمشنر لاہور کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر تمام ادارے ہائی الرٹ پر ہیں اور فیلڈ میں موجود ہیں۔ میڈیکل، لائیوسٹاک، اور ریسکیو کیمپس مکمل فعال ہیں۔ انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں ممکنہ متاثرہ علاقوں میں مسلسل گشت کر رہی ہیں۔
آصف بلال لودھی نے مزید کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ تمام محکمے راونڈ دی کلاک پوری توانائی سے کام کر رہے ہیں۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ انتظامیہ سے تعاون کریں، افواہوں پر دھیان نہ دیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 1122 پر فوری اطلاع دیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کمشنر لاہور
پڑھیں:
پنجاب، سندھ ، کے پی میں بار کونسلز کے انتخابات آج، تیاریاں مکمل
لاہور ( نیوزڈیسک) پنجاب، سندھ ، خیبر پختونخوا میں بار کونسلز کے انتخابات آج ہوں گے، تیاری مکمل کر لی گئیں۔
سندھ بار کونسل کے انتخابات کیلئے پولنگ صبح ساڑھے 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی، کرا چی کے 13 ہزار 385 وکلا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
پنجاب بار کونسل الیکشن میں صوبے کے ایک لاکھ 32 ہزار سے زائد وکلا حق رائے دہی استعمال کریں گے، پولنگ صبح 9بجے سے شام8بجے تک جاری رہے گی۔
الیکشن کے موقع پر پنجاب بھر کی عدالتیں بند رہیں گی، لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کر دیا گیا، لاہور ہائیکورٹ میں ووٹنگ کے لئے 52 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے، صوبہ بھر کے ایک لاکھ 32 ہزار 3 سو وکلاحق رائے دہی استعمال کریں گے۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز بطور ریٹرننگ افسر فرائض انجام دیں گے، پنجاب بار کونسل کی 75 نشستوں پر امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا، پولنگ صبح 9 سے شام 5 بجے تک جاری رہےگی۔
خیبر پختونخوا بار کونسل کے الیکشن میں 24 ہزار رجسٹرڈ وکلاء ووٹ کاسٹ کریں گے، پولنگ کا عمل صبح 9بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔