وزیر اعظم اورترک صدر کی ملاقات،گہرے برادرانہ تعلقات ،تعاون کےعزم کا اعادہ
اشاعت کی تاریخ: 31st, August 2025 GMT
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چین کے شہر تیانجن میں ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے موقع پر ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان سے دو طرفہ ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاک ترک تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور دوطرفہ تعلقات میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور سلامتی کے شعبوں سمیت وسیع میدان میں اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور تعاون میں مسلسل اضافے کو سراہا۔ ترکیہ کے صدر نے پاکستان میں حالیہ مون سون بارشوں میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی جانوں کے نقصان اور مالی نقصانات پر پاکستان کی عوام کے ساتھ اپنے ملک کی یک جہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ مشکل کی گھڑی میں ترکیہ کی حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ فریقین نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت کرنے اور جاری اسرائیلی جارحیت اور نسل کشی کی پالیسیوں کی مذمت کے لئے بین الاقوامی پلیٹ فارم استعمال کرنے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا اور مسلم دنیا اور اس سے باہر امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم پر زور دیا۔
Post Views: 5.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔