یمن پراسرائیل کےفضائی حملے: 35افراد جاں بحق،131 سے زائد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 11th, September 2025 GMT
صنعا:اسرائیل نے یمن کے دارالحکومت صنعا اور الجوف گورنریٹ میں فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں کم از کم 35 افراد جاں بحق اور131 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ حملے میں اسرائیل کے 10 طیاروں نے حصہ لیا اور 30 سے زائد بم اور میزائل داغے گئے۔
میڈیارپورٹ کے مطابق یمن میں قائم گروپ حوثی کی وزارت صحت کے ترجمان انیس السباہی نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں 35 شہری جاں بحق جبکہ 131 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں، یہ تعداد حتمی نہیں ہے اور اس میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے صنعا میں مختلف مقامات کو نشانہ بنایا جن میں فوجی کیمپ، ایندھن کے ذخائر اور وزارت دفاع کی عمارت شامل ہیں۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملے آپریشن رنگنگ بیلز کے تحت کیے گئے اور ان میں حوثیوں کو ایک اور دردناک دھچکا دیا گیا ہے۔اسرائیلی وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کی پہنچ دور تک ہے اور شہریوں کو نشانہ بنانے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔
یمن وزارت صحت نے بتایا کہ حملے دارالحکومت صنعاء اور صوبہ الجوف میں کیے گئے، ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ ریسکیو ٹیمیں اب بھی ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں، وزارت نے کہا کہ فضائی حملوں میں شہری اور رہائشی علاقے نشانہ بنے، جن میں صنعاء کے التحریر محلے کے مکانات، شہر کے جنوب مغرب میں 60 فٹ روڈ پر ایک طبی سہولت اور الجوف کے دارالحکومت الحزم میں ایک سرکاری عمارت شامل ہیں۔ شہری دفاع کی ٹیمیں بمباری سے لگنے والی آگ بجھانے اور زندہ بچ جانے والوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے جنگی طیاروں نے صنعاء اور الجوف میں حوثی اہداف پر بمباری کی، جن میں فوجی کیمپ، ایندھن کا ڈپو اور ایک میڈیا آفس شامل تھا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
حیسکو میں ایک ارب 6 کروڑ سے زائد کی کرپشن کا انکشاف
حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) میں تنخواہوں اور الاؤنسز کی مد میں ایک ارب 6 کروڑ سے زائد کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔
قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں آڈٹ حکام نے انکشاف کیا کہ حیسکو میں گھوسٹ ملازمین، ڈبل تنخواہوں کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا اور وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے)99 کروڑ 62 لاکھ کی مبینہ کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے۔
آڈٹ حکام نے مزید انکشاف کیا کہ حیسکو کی اندرونی انکوائری میں مزید 6 کروڑ 78 لاکھ روپے کی مشتبہ ادائیگیاں ہوئی ہیں۔
چیئرمین کمیٹی شاہدہ اختر کی زیرصدارت اجلاس میں ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ اس معاملے میں ایف آئی آرز کی تعداد 5 ہوگئی تھی، 151 ملزمان تھے جن میں سے 14 کو گرفتار کیا گیا جبکہ دیگر ضمانت پر ہیں، ایک ارب روپے میں سے 13 کروڑ روپے کی ریکوری ہوئی ہے۔
رکن کمیٹی قاسم نون نے کہا کہ 13 کروڑ روپے کچھ بھی نہیں ہیں، سخت ایکشن لیا جائے، سید امین الحق نے کہا کہ گھوسٹ ملازمین کی تصدیق بھی کی گئی کہ وہ موجود ہیں۔
سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا کہ وزارت کو چاہیے کہ وہ مداخلت کرے اور ذمہ داران کا تعین کرے۔
چیئرمین کمیٹی شاہد اختر نے کہا کہ یہ تو آڈٹ نے نشان دہی کر دی ہے، لگتا ہے کہ پاور ڈویژن کا کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے، جس پر سی ای او حیسکو نے بتایا کہ 756 ملین روپے کی ذمہ داری بھی فکس ہو چکی ہے۔
شاہدہ اختر نے کہا کہ عدالت کے حکم تک یہ آڈٹ پیرا زیر التوا رہے گا، رکن کمیٹی سید حسین طارق نے سوال کیا کہ حیسکو میں بائیو میٹرک سسٹم کیوں نہیں ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی رکن شازیہ مری نے کہا کہ ہم ڈسکوز کو یہاں کمنٹس کے لیے نہیں احتساب کے لیے بلاتے ہیں، یہ لوگوں کو چور کہتے ہیں اور اپنی پرفارمنس کے گیت گاتے نہیں تھکتے۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ہدایت کی کہ 13 کروڑ روپے کی ریکوری کی آڈٹ سے تصدیق کرائی جائے، جو ریکوری رہ گئی ہے وہ معاملہ زیر التوا رہے گا۔