ایشیا کپ 2025: پاک-بھارت میچ قریب لیکن ٹکٹ فروخت کیوں نہیں ہوسکے؟
اشاعت کی تاریخ: 14th, September 2025 GMT
ایشیا کپ 2025 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ سے چند گھنٹے قبل دبئی میں سینکڑوں ٹکٹ فروخت نہ ہوسکے جو پاک-بھارت میچ کے حوالے سے غیر معمولی صورتحال قرار دی جا رہی ہے۔
آج شام شروع ہونے والے میچ سے 8 گھنٹے قبل بھی ٹکٹوں کی دستیابی جاری رہی۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کے 3 اسٹینڈز اور ایک ہاسپیٹیلٹی سیکشن میں ٹکٹ اب بھی آفیشل ویب سائٹ پر موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیے: ایشیا کپ 2025: پاک بھارت میچ کے ٹکٹوں کی فروخت سست روی کا شکار
پریمیئم اسٹینڈ میں 205 ڈالر، جبکہ مشرقی اور مغربی پویلین میں 245 ڈالر مالیت کے ٹکٹ درجنوں کی تعداد میں دستیاب رہے۔ اسی طرح ہاسپیٹیلٹی اسٹینڈ کے لیے 1,645 ڈالر فی نشست کی قیمت پر ٹکٹ بھی دستیاب تھے۔
ٹکٹ فروخت نہ ہونے پر ٹورنامنٹ کے منتظمین، ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) اور امارات کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ تاہم مقامی شائقین کا کہنا ہے کہ دبئی میں شدید گرمی اور حبس اس صورتِ حال کی بڑی وجہ ہے۔
میچ کے آغاز کے وقت درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ (95 ایف) اور نمی 50 فیصد تک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب کرکٹ ماہرین کے مطابق مئی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان 4 روزہ سرحدی تنازع کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی بھی اس کمی کا سبب بن سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے ٹکٹس کی فروخت کا آج سے آغاز، اس بار قیمتیں کیا رکھی گئیں؟
بھارت کے کچھ شائقین کا کہنا ہے کہ انہوں نے میچ کا بائیکاٹ کیا ہے تاکہ حکومت کے اس فیصلے پر احتجاج درج کر سکیں کہ سیاسی کشیدگی کے باوجود یہ میچ کرایا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق منتظمین نے اس بار ایک سادہ اور آسان سنگل-ٹکٹ فارمیٹ متعارف کروایا تاکہ شائقین کو ٹکٹ حاصل کرنے میں سہولت ہو، لیکن اس کے باوجود مانگ میں وہ تیزی نہیں آئی جو عام طور پر پاک بھارت مقابلوں میں دیکھی جاتی ہے۔
ماضی میں ایسے میچز کے ٹکٹ چند منٹوں میں فروخت ہوجاتے تھے، جبکہ اس بار کئی نشستیں اب تک خالی ہیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
Asia Cup CRICKET TICKET PAK INDIA MATCH پاک انڈیا میچ.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: پاک انڈیا میچ پاک بھارت
پڑھیں:
بھارت سے میچ کے دوران تنازع، ردعمل دینے میں تاخیر پر ڈائریکٹر پی سی بی معطل
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران پیدا ہونے والے تنازع پر بروقت ردعمل نہ دینے کے باعث ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کو فوری طور پر معطل کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عثمان واہلہ نے میچ ریفری اور بھارتی ٹیم کے رویے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو شکایتی مراسلہ تاخیر سے بھیجا، جس پر ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا تاکہ مستقبل میں پاکستان کے مؤقف پر کوئی کمزوری ظاہر نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں: ‘میچ ریفری فوری طور پر ہٹایا جائے‘، ایسا نہ ہونے پر پاکستان کا ایشیا کپ مزید نہ کھیلنے کا امکان
دوسری طرف پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ پاکستان کی عزت اور وقار سب سے مقدم ہے اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بورڈ نے آئی سی سی کو صاف الفاظ میں آگاہ کر دیا ہے کہ اگر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو فوری طور پر تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان ٹیم آئندہ میچوں میں شرکت سے گریز کرے گی۔
یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب ایشیا کپ کے پاک بھارت میچ میں ٹاس کے موقع پر ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کپتان سلمان آغا کو بتایا کہ روایتی شیک ہینڈ نہیں ہوگا۔ اس سے پہلے وہ پاکستان ٹیم کے میڈیا منیجر کو یہ بھی کہہ چکے تھے کہ اس لمحے کی ریکارڈنگ نہیں ہونی چاہیے۔
میچ ختم ہونے کے بعد پاکستان ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ نے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل کو اس رویے پر اعتراض کیا۔ جواب میں رسل کا کہنا تھا کہ انہیں بھارتی بورڈ کی جانب سے ہدایات ملی تھیں اور آخر میں یہ کہا کہ اصل احکامات بھارتی حکومت کی طرف سے آئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بعد ازاں آئی سی سی اور ایم سی سی کو ایک مفصل خط بھیجا۔ اس میں مؤقف اپنایا گیا کہ میچ ریفری نے کھیل کی روح (اسپرٹ آف دی گیم) کو نقصان پہنچایا اور اپنی بنیادی ذمہ داریوں سے انحراف کیا۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اینڈی پائی کرافٹ کا طرز عمل ایم سی سی قوانین اور آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ دونوں کی خلاف ورزی ہے، جسے پاکستان ایک سنگین معاملہ تصور کرتا ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
wenews انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ایشیا کپ پاک بھارت میچ تنازع ڈائریکٹر پی سی بی عثمان واہلہ معطل محسن نقوی میچ ریفری وی نیوز