عالمی برادری دہرا معیار ترک کرکے اسرائیل کو اس کے جرائم پر سزا دے، قطری وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 14th, September 2025 GMT
قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دہرا معیار ترک کرے اور اسرائیل کو اس کے جرائم پر سزا دے۔
دوحہ میں عرب اسلامی رہنماؤں کے ہنگامی اجلاس سے قبل ہونے والے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب کرتے انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے عالمی برادری دہرے معیار کو ترک کرے اور اسرائیل کو اس کے تمام جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کے قطر پر حملے پر عرب وزرائے خارجہ کا اجلاس، وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی شرکت
انہوں نے کہاکہ اسرائیل کو یہ جان لینا چاہیے کہ ہمارے برادر فلسطینی عوام کی نسل کشی کرکے انہیں اپنی سرزمین سے بے دخل کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔
دوحہ میں اتوار کے روز قطری وزیراعظم کی زیر صدارت وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا جس میں عرب و اسلامی رہنماؤں کے مشترکہ ہنگامی اجلاس کے لیے مسودہ اعلامیہ پر غور کیا گیا۔
اس اجلاس میں 9 ستمبر کو قطر میں ہونے والے اسرائیلی فضائی حملے پر بات کی جا رہی ہے جس نے دوحہ میں مقیم کئی حماس رہنماؤں کی رہائش گاہوں کو نشانہ بنایا۔
ان فضائی حملوں میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے، جس کی عرب اور اسلامی دنیا نے شدید مذمت کی، اور اسے قطر کی خود مختاری پر حملہ قرار دیا۔
اس اجلاس میں عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہیں، جن میں سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل بمقابلہ قطر: کیا خطہ بڑے تنازعے کی طرف بڑھ رہا ہے؟
سعودی وزارتِ خارجہ نے اسرائیلی حملے کو جارحانہ اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی اور قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری اسرائیل کو اس کے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرائے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
wenews اسرائیلی حملہ عرب اسلامی اجلاس قطری وزیراعظم وزرائے خارجہ اجلاس وی نیوز.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: اسرائیلی حملہ عرب اسلامی اجلاس وزرائے خارجہ اجلاس وی نیوز اسرائیل کو اس کے عالمی برادری
پڑھیں:
اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت بین الوزارتی اجلاس، بیرونِ ملک مشنز کی کارکردگی کا جائزہ
اسلام آباد:وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت بین الوزارتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں بیرونِ ملک مشنز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزارتِ خارجہ میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطح کا بین الوزارتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں حکومت کی کارکردگی، بالخصوص بیرونِ ملک پاکستان مشنز کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کمیٹی کی جانب سے رپورٹ بھی پیش کی گئی جب کہ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ نے پاکستان کے سفارتی اثر و رسوخ کو مزید مضبوط بنانے، مشنز کی کارکردگی کو قومی اسٹریٹجک اہداف کے ساتھ ہم آہنگ کرنے اور بیرونِ ملک ادارہ جاتی کارکردگی کو بہتر ہم آہنگی و تعاون کے ذریعے مزید موثر بنانے پر زور دیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیرِ پیٹرولیم، وزیرِ مملکت برائے ریلوے، قومی اسمبلی کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ، سیکرٹری کابینہ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، تجارت، داخلہ، انسانی وسائل و ترقی، اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹریز سمیت وزارتِ خزانہ، اطلاعات اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔