پشاور: الخدمت کی جانب سے 8 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان پنجاب روانہ
اشاعت کی تاریخ: 17th, September 2025 GMT
پشاور:
الخدمت فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا وسطی و جنوبی کی جانب سے پنجاب کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے آٹھ ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان اور رضاکاروں کی تیسری ٹیم پشاور سے پنجاب کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے ملتان روانہ کردی گئی۔
اس سامان میں خشک راشن پر مشتمل فوڈ و ونٹر پیکجز، کچن سیٹ، کمبل، بچوں کے ملبوسات، جوتے، روزمرہ استعمال کے برتن اور دیگر امدادی اشیاء شامل ہیں۔ پنجاب کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان سے لدے ٹرک اور رضاکاروں کی ٹیم روانہ کرنے کے موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع، الخدمت کے صوبائی صدر خالد وقاص، جنرل سیکرٹری شاکر صدیقی، ریجنل منیجر ڈاکٹر شکیل احمد اور ضلع پشاور کے صدر ارباب عبدالحسیب نے امدادی سامان اور رضاکاروں کو پنجاب کے شہر ملتان کے لیے روانہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر عبدالواسع اور الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر خالد وقاص نے کہا کہ خیبرپختونخوا پر ہر مشکل وقت میں پنجاب کے عوام نے سب سے پہلے اور سب سے زیادہ تعاون کیا ہے۔ آج جب ہمارے صوبے کے شمالی اور بالائی اضلاع میں سیلاب اور کلاوڈ برسٹ کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں تو اس موقع پر بھی اہلیانِ پنجاب نے بڑھ چڑھ کر خیبرپختونخوا کے متاثرینِ سیلاب کی مدد کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب جبکہ سیلاب کی تباہ کاریوں کا سلسلہ پورے ملک، بالخصوص پنجاب میں جاری ہے اور اس وقت پنجاب کا 70 فیصد رقبہ سیلابی پانی کے زیر اثر ہے، اس مشکل وقت میں الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کے رضاکار اور کارکنان اہلیانِ پنجاب کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
الخدمت خیبرپختونخوا وسطی نے ملتان میں سیلاب متاثرین کے لیے ٹینٹ ویلج کا انتظام کر رکھا ہے، جبکہ گزشتہ ایک ہفتے سے الخدمت کے پی کے رضاکار پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 15 کشتیوں کے ذریعے پانی میں گھرے لوگوں کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب کے سیلاب متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری رکھے گا اور صوبے سے رضاکاروں کی تیسری کھیپ اور آٹھ ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان کا قافلہ آج ملتان روانہ کردیا گیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب کے سیلاب سیلاب متاثرین کے لیے
پڑھیں:
ترک تنظیم ٹکاکے نمائندوں کا الخدمت آفس اور ڈائیگنوسٹک لیبارٹری کا دورہ
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ترک فلاحی تنظیم ٹکا (TIKA) کے وفد نے الخدمت کراچی اور الخدمت کی ناظم آباد میں قائم اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈائیگنوسٹک لیبارٹری کا دورہ کیا،وفد میں ٹکا (TIKA) کراچی کے کوآرڈی نیٹر مسٹر معشوق پوسا اور مس فاطمہ شامل تھیں۔ الخدمت کے دفتر آمد پر ان کا بھرپور استقبال کیا گیا۔اس موقع پر مہمانوں کو الخدمت کے فلاحی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، بعدازاں انہیں الخدمت کی اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈائیگنوسٹک لیبارٹری کا دورہ کروایا گیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی، ڈائریکٹر ڈائیگنوسٹکس ڈاکٹر عظیم الدین،سینئر منیجر انوار عالم، سینئر منیجر سرفراز شیخ اورمنیجر آر ایم ڈی سید عمران احمد بھی موجود تھے۔وفد نے لیبارٹری کا معائنہ کیا،اس میں موجود جد ید طبی آلات کو دیکھا اور ان میں اپنی بھرپور دلچسپی سے اظہارکیا، ڈاکٹر عظیم الدین نے انہیں لیبارٹری میں دستیاب سروسز سے متعلق آگہی فراہم کی۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت انسانیت کی خدمت اور ضرورت مندوں کی مدد کے لیے کوشاں ہے،‘‘ہم (TIKA)کے وفد کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے الخدمت کے دفترکا دورہ کیا اور اس کے کاموں میں دلچسپی لی اور منصوبوں کو سراہا۔ ترکی اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں اور یہ تعلق فلاحی میدان میں بھی مضبوط تر ہو رہا ہے۔’’راشد قریشی نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ الخدمت اور ٹکا (TIKA) مستقبل میں مشترکہ منصوبوں کے ذریعے خدمتِ انسانیت کے دائرہ کار کو مزید وسعت دیں گے۔ٹکا (TIKA) کے نمائندوں نے الخدمت کی کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت پاکستان میں فلاحی خدمات کے فروغ میں ایک نمایاں کردار ادا کر رہی ہے اور ایسے ادارے ہی معاشرے میں حقیقی تبدیلی کا ذریعہ بنتے ہیں۔ٹکا (TIKA)کے نمائندوں نے الخدمت کی انسانی خدمت کے منصوبوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے مستقبل میں باہمی تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔