لاہور؛ لاکھوں مالیت کے سامان کی خرد برد میں ملوث 3 ریلوے ملازم گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 18th, September 2025 GMT
لاہور:
اسپیشل برانچ اور ریلویز پولیس نے مغلپورہ میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے محکمہ ریلوے کے لاکھوں مالیت کے سامان کی خرد برد میں ملوث 3 ریلوے ملازم گرفتار کر لیے۔
ملزمان نے ریلوے کیرج شاپس سے سپوکنل شیٹ کے 4 رول ایشو کروا کے 2 رول خرد برد کر لیے تھے۔
ڈی ایس آفس مغلپورہ میں لوڈ شدہ ٹرک کو اسپیشل برانچ اور ریلویز پولیس کے اے ایس آئیز رفیق ڈوگر اور اظہر عباس نے روکا، تلاشی لینے پر ٹرک میں گیٹ پاس رسید کے مطابق ریلوے کی لاکھوں مالیت کی 2 سپوکنل شیٹس غائب تھیں۔
خرد برد کیے گئے 2 رول ریلوے کلرک احمد علی نے اپنے کوارٹر میں چھپا رکھے تھے جبکہ ریلوے سپوکنل شیٹس کی قیمت چار لاکھ کے قریب نکلی۔
ریلویز پولیس نے ریلوے بجٹ کلرک احمد علی، ٹرک ڈرائیور امیر حسین اور ہیمر مین مصطفیٰ احمد کو موقع سے گرفتار کرلیا۔
ملزمان کے خلاف تھانہ ریلویز پولیس ورکشاپس ڈویژن مغلپورہ میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے، کوارٹر سے خرد برد کیا گیا ریلوے سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔
ڈی آئی آئی جی نارتھ عبدالرب چودھری نے کامیاب کارروائی پر ریلوے سامان برآمد کرنے والی ٹیم کو شاباش دی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ریلویز پولیس
پڑھیں:
لاہور میں 6 گھنٹے تک طوفانی بارش سے شہر پانی میں ڈوب گیا
فوٹو: آن لائنلاہور میں 6 گھنٹے تک طوفانی بارش سے شہر پانی میں ڈوب گیا، ڈی ايچ اے اور ہربنس پورہ انڈر پاس پانی سے بھر گئے، ٹریفک کے لیے بند کردیے گئے۔
تاج پورہ اور ایئرپورٹ کے قریب علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا، گاڑیاں ڈوب گئیں، موٹرسائيکلیں بند ہوگئیں، فیروز پور روڈ پر موٹرسائیکل پھسل کر کھمبے سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں دو بھائی جاں بحق ہوگئے، چھت گرنے کے واقعات میں چار افراد زخمی ہوئے۔
بارش رکنے کے بعد ایم ڈی واسا نے تمام انڈر پاس کلیئر کر دینے کا دعویٰ کیا، بارش کے باعث 99 فیڈرز بھی متاثر ہوئے، بحالی کا کام جاری ہے، ڈیفنس میں بارش کے پانی میں ایک منچلا کشتی لے آیا۔
گوجرانوالا میں مسلسل تیسرے دن بھی بارش برسی، نکاسِ آب کے لیے لاہور سے مشینری طلب کرلی گئی، شکر گڑھ میں تیسرے روز بھی موسلادھار بارش ہوئی، نالہ بئیں اور بسنتر سے ملحقہ نشیبی دیہات میں پانی داخل ہوگیا۔
منڈی بہاء الدین میں بارش سے سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی دھان اور چارے کی فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب دریائے چناب میں نچلے سے درمیانے درجے کا ریلا گزرنے کا خطرہ ہے، تریموں بیراج پر پانی کی سطح بلند ہونے لگی، سرگودھا میں طالب والا کے مقام پر اکتالیس دیہات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔