ایشیا کپ، افغانستان کے آل راؤنڈر محمد نبی کی زبردست بیٹنگ، ریکارڈ بنا لیا
اشاعت کی تاریخ: 19th, September 2025 GMT
ابو ظبی:
افغانستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد نبی نے ایشیا کپ میں سری لنکا کے خلاف زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے بلند و بالا چھکے لگائے اور اپنے ملک کے لیے سب سے زیادہ انٹرنیشنل رنز بنانے کا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔
ابو ظبی میں ایشیا کپ کا 11 واں میچ افغانستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا جہاں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور محمد نبی کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت اسکور بورڈ پر 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز سجا لیا۔
سری لنکا نے مطلوبہ ہدف 19 ویں اوور کی چوتھی گیند پر باآسانی 4 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنا حاصل کرلیا۔
محمد نبی جارحانہ بیٹنگ کے باوجود اپنی ٹیم کو شکست سے بچا نہیں سکے تاہم انہوں نے افغانستان کی جانب سے سب سے زیادہ انٹرنیشنل رنز بنانے کا ریکارڈ بنا لیا۔
افغانستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے سری لنکا کے خلاف 22 گیندوں پر 3 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے اور اس دوران انہوں نے افغانستان کے لیے 6 ہزار انٹرنیشنل رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔
محمد نبی نے اپنی اننگز میں ایک اوور میں مسلسل 5 چھکے بھی مارے تاہم وہ رن آؤٹ ہوئے اور اپنی جارحانہ اننگز مزید جاری نہ رکھ سکے۔
محمد نبی کو اس میچ سے قبل انٹرنیشنل سطح پر اپنے 6 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے صرف 3 رنز درکار تھے اور 15 ویں اوور میں داسن شناکا کی پہلی گیند پر یہ سنگ میل عبور کرلیا۔
افغانستان کی جانب سے محمد نبی 6 ہزار 57 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ انٹرنیشنل رنز بنانے والے پہلے بیٹر ہیں، دوسرے نمبر پر 4 ہزار 948 رنز کے ساتھ رحمت شاہ، تیسرےنمبر پر محمد شہزاد ہیں جنہوں نے 4 ہزار 844 رنز بنائے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سری لنکا
پڑھیں:
ایشیا کپ: بنگال ٹائیگرز آگے جائیں گے یا افغانستان، فیصلہ سری لنکا افغان میچ پر منحصر
ایشیا کپ میں جمعرات کو سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں صف آرا ہوں گی۔ افغان ٹیم کی جیت کی صورت میں اگلے مرحلے میں رسائی کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوگا۔
گروپ بی میں صورتحال خاصی دلچسپ ہے، سری لنکا دونوں میچز جیت کر چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ بنگلہ دیش نے تین میچز میں دو فتوحات سمیٹ کر چار پوائنٹس لے رکھے ہیں۔
افغان ٹیم اب تک کھیلے گئے دو میچز میں ایک کامیابی حاصل کرپائی ہے تاہم اس کا نیٹ رن ریٹ 2.150 ہے جبکہ بنگلہ دیش کا نیٹ رن ریٹ منفی 0.270 ہے۔
آج سری لنکا کے خلاف افغان ٹیم کی کامیابی بنگال ٹائیگرز کو خالی ہاتھ واپس لوٹنے پر مجبور کرسکتی ہے کیونکہ سری لنکن ٹیم 1.546 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ قدرے بہتر پوزیشن میں ہے۔
ہانگ کانگ کی ٹیم تینوں میچز ہارکر پہلے ہی باہر ہوچکی ہے۔
اگر سری لنکا افغانستان کو شکست دیتا ہے تو وہ اپنے ساتھ بنگلہ دیش کو بھی سپر فور میں لے جائے گا۔
دوسری جانب اگر افغانستان فتح حاصل کرتا ہے تو وہ سپر فور میں رسائی حاصل کرلے گا۔ تاہم بنگلہ دیش کی رسائی اس بات پر منحصر ہوگی کہ افغانستان سری لنکا کو 65 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے یا ہدف کو کم از کم 11 اوورز میں حاصل کرے۔